اوکاڑہ اور لاہور میں حادثے،7افراد جان کی بازی ہار گئے

اوکاڑہ(نامہ نگار) پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں تیز زفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں باپ، بیٹی اور 2بیٹے موقع پر جان کی بازی ہارگئے۔ذرائع کے مطابق خوفناک حادثہ جی ٹی روڈ پر پنجاب کالج کے سامنے اس وقت پیش آیا جب والد بچوں کو سکول چھوڑنے جا رہا تھا، جاں بحق ہونے والوں میں محمد ندیم اور ان کے تین بچے 10سالہ آریان، 8سالہ ایان اور 6سالہ عائزہ شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹریلر ڈرائیور کی تیز رفتاری، غفلت و کوتاہی کے باعث پیش آیا، حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے لیا جبکہ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دریں ثناء ۔لاہور (بیوروچیف) قاتل ڈمپرز بے قابو، ڈمپرز صرف کراچی ہی نہیں لاہور اور دیگر شہروں میں بھی موت بانٹنے لگے، لاہور میں تیز رفتار ڈمپر نے 3افراد کی جان لے لی۔ تفصیلات کیمطابق ایل ڈی اے ایونیو پر خوفناک ڈمپر حادثہ، حادثہ ایل ڈی اے ایونیو ون کے اشارے کے قریب پیش آیا، ریت سے بھرا ڈمپر اوور سپیڈنگ کے باعث موٹر سائیکل اور رکشہ کے اوپر جاگرا، حادثہ کے باعث دو افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔حادثے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا، جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، حادثے کے باعث ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا، ٹریفک پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ٹریفک حادثہ میں جاں بحق افراد کی شناخت 32سالہ عمیر’ 25 سالہ طیب، 30سالہ وسیم کے نام سے ہوئی۔ حادثے میں شدید زخمی وسیم جناح ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، ڈمپر کی ٹکر کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 3ہوگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں