46

اگر افیئر چلانا ہوتا تو شادی نہ کرتی،مدیحہ افتخار

کراچی (شوبز نیوز) اداکارہ مدیحہ افتخار نے کہا ہے کہ غیر ازدواجی تعلقات چلانے ہوتے تو شادی نہ کرتی، شادی کے بعد دائیں، بائیں دیکھنے کی بجائے ہمسفر کیساتھ مخلص رہنا چاہئے۔ایک انٹرویو میں اداکارہ مدیحہ افتخار نے کہا کہ شادی سے قبل جوڑوں کا ایک دوسرے کو بہتر انداز میں جاننا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد میں نے سوچا کہ شائد مجھے شوہر کا اعتبار اور دل جیتنے کیلئے شوبز چھوڑنا پڑے اور میں نے ایسے ہی کیا۔انہوں نے بتایا کہ شادی کے محض دو سال کے اندر میں اور شوہر ایک دوسرے کو سمجھ چکے تھے، دونوں کا ایک دوسرے پر اندھا اعتبار قائم ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے شوہر کو یقین ہے کہ ان کی بیوی کوئی غلط کام نہیں کرے گی اور مجھے بھی خود پر اعتماد ہے کہ میں کچھ غلط نہیں ہونے دوں گی۔ انہوں نے کہا کہ شادی شدہ جوڑوں میں اختلافات اور جھگڑے معمول کی بات ہیں ہمارے درمیان بھی جھگڑے ہوتے رہے ہیں لیکن ہم نے جھگڑوں میں کبھی تیسرے شخص کو مداخلت کی اجازت نہیں دی۔انہوں نے بتایا کہ میں نے کافی سوچ سمجھ کر 29 سال کی عمر میں شادی کی تھی اگر مجھے اِدھر، اُدھر کے کام کرنے ہوتے یا پھر غیر ازدواجی تعلقات چلانے ہوتے تو شادی نہ کرتی۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی شخص کسی ایک انسان سے شادی کرے تو پھر اسی سے ہی مخلص رہے، پھر دائیں اور بائیں نہیں دیکھنا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں