77

ایرانی صدر کے جاں بحق ہونے کا افسوسناک واقعہ (اداریہ)

ایران کے صدر ابراہیم ریئسی کا ہیلی کاپٹر آذربائیجان سے واپسی کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجہ میں ایرانی صدر اور ان کے ساتھ جانیوالے حکام جاں بحق ہو گئے، صدر ایران آذربائیجان کے سرحدی علاقے میں ایک ڈیم کا افتتاح کر کے واپس آ رہے تھے ہیلی کاپٹر میں وزیر خارجہ امیر عبداﷲ گورنر شمالی آذربائیجان اور دیگر سینئر حکام بھی سوار تھے ایرانی وزیرداخلہ احمد وحیدی نے ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ صدر ریئسی کے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ ہوئی، موسم کی خرابی کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا،ایرانی خبررساں ادارے ارنا نے حادثے اور ہیلی کاپٹر میں صدر ریئسی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے، حادثہ سنگون کے علاقے میں پیش آیا، ایرانی حکام نے کہا ہے کہ سازش کے امکان کو ردّ نہیں کیا جا سکتا کہ قافلے میں شامل تین ہیلی کاپٹروں میں سے وہ ہیلی کاپٹر ہی حادثے کا شکار ہوا ہے جس میں ایرانی صدر وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام سوار تھے،، ایرانی صدر ابراہیم ریئسی پڑوسی ملک آذربائیجان کی سرحد پر اپنے ہم منصب الہام الیوف کے ہمراہ ڈیم کے منصوبے کا افتتاح کرنے کے لئے گئے تھے وہاں سے واپسی پر ان کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آ گیا 63سالہ ابراہیم ریئسی 2021ء سے ایرانی صدر کے منصب پر فائز ہیں انہوں نے ایک ایسے وقت میں بطور صدر ملک کی باگ ڈور سنبھالی تھی جب ایران شدید سماجی بحران کے ساتھ ساتھ اپنے متنازعہ جوہری پروگرام کے سبب امریکہ کی وجہ سے عائد کی گئی پابندیوں کے باعث معاشی دبائو کا شکار تھا انہیں اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا جب ستمبر 2022ء میں مہسا امینی کی دوران حراست موت کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے گئے تھے تاہم مارچ 2023ء میں علاقائی حریف تصور کئے جانے والے ایران اور سعودی عرب نے حیران کن طور پر ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہو گئے تھے غزہ میں 7اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ نے خطے میں تنائو میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کر دیا تھا اور اپریل 2024ء میں ایران نے اسرائیل پر براہ راست سینکڑوں راکٹ فائر کئے تھے اتوار کو آذربائیجان کے صدر کے ہمراہ ڈیم کے افتتاح کے بعد تقریر میں ابراہیم ریئسی نے ایک مرتبہ پھر فلسطینیوں کے لیے ایران کی غیر مشروط حمائت کا اعادہ کیا تھا۔ ایرانی صدر نے کہا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ فلسطین مسلم دنیا کا سرفہرست مسئلہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ایران اور آذربائیجان کے عوام فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت اور صہیونی حکومت سے نفرت کرتے ہیں ہیلی کاپٹر حادثہ میں ایرانی صدر کے جاں بحق ہونے پر صدر مملکت آصف علی زرداری’ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر سیاسی شخصیات نے اظہار افسوس کیا۔ ایرانی صدر کے انتقال پر وزیراعظم کا ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان’ ایرانی حکام نے کہا ہے کہ سازش کے امکان کو ردّ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف سخت روّیہ اپنا رکھا تھا” ایران ایک مسلمان ریاست ہے جو امریکہ اور صہیونیوں کو للکار رہی ہے اور ممکن ہے یہ ممالک ایران کو اپنے لئے خطرہ سمجھتے ہوئے اس کی قیادت کے خلاف سازشوں میں مصروف رہے ہوں صدر ریئسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم حالات کیا صورتحال اختیار کرتے ہیں اس بارے فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم اگر یہ سازش ہوئی تو امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی ہو سکتی ہے اس حوالے سے عالمی راہنمائوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں