1

ایران نے یورپی افواج کو دہشتگرد گروہ قرار دیدیا

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ نے یورپی یونین کے ممالک کی افواج کو باقاعدہ طور پر دہشت گرد گروہ قرار دے دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سیایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ارکان نے پاسدارانِ انقلاب سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سبز فوجی وردیاں پہن رکھی تھیں۔ اجلاس کے دوران اراکین نے امریکا، اسرائیل اور یورپ کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے یورپی یونین کے فیصلے کو غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ جوابی قانون کے آرٹیکل 7 کے تحت یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد گروہ تصور کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی یورپی ممالک کے فوجی اتاشیوں کو ملک بدر کرنے کے معاملے پر بھی غور کرے گی اور اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ سے رابطہ کیا جائے گا۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس فیصلے کے فوری عملی اثرات کیا ہوں گے۔واضح رہے کہ یہ قانون پہلی بار 2019میں منظور کیا گیا تھا، جب امریکا نے پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔یہ اجلاس ایران میں اسلامی انقلاب کے بانی خمینی کی جلاوطنی سے واپسی کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں