ایران پر امریکی کارروائی کے نتائج سے عالمی معیشت متاثر ہوسکتی ہے،چوہدری عابد شیر علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما’ سابق وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی کارروائی کے نتائج کا عالمی معیشت کو متاثر کرنے کا حد خدشہ ہے پاکستان کو بھی معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا، مہنگائی بڑھے گی، خصوصاً پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اوپر جائیں گی، کرنٹ اکائونٹ خسارے میں اضافہ ہو سکتا ہے، حکومت کو اس حوا لے سے فوری طور پر اپنا لائحہ عمل بنا لینا چاہیے۔ ایرانی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز بند کرنے کی منظوری دے دی ہے، اگرچہ عملدرآمد شروع نہیں ہوا، لیکن بندش کے بھی نتائج ہوں گے۔ ان تمام تر حالات میں پاکستان کے پاس کیا لائحہ عمل ہے، اس پر غور کرنا اشد ضروری ہے۔ شہباز شریف کی حکومت نے اب تک جو معاشی کامیابیاں حاصل کی ہیں، انہیں ضائع ہونے سے بچانے کے لیے ایک فول پروف پلاننگ درکار ہے۔ یہی اصل کارنامہ ہو گا اور شہباز شریف جیسے منتظم کی صلاحیتوں سے بعید نہیں کہ وہ ملکی ترقی کے سفر کو متاثر ہونے سے بچا لیں گے، تاہم اس کے لیے ایک ٹھوس اور دانشمندانہ منصوبہ بندی چاہیے۔ امید ہے حکومت درپیش امتحان کے لیے تیار ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں