ایران پر حملہ مہنگا پڑنے لگا،2دن میں اربوں ڈالر کے ہتھیار استعمال

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے خلاف جنگ کے ابتدائی دنوں میں امریکی فوج نے تقریباً 5.6 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار اور گولہ بارود استعمال کیے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پینٹاگون کی جانب سے 5.6ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار جنگ کے صرف ابتدائی دو دنوں میں استعمال کیے گئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی افواج نے قلیل مدت میں بڑی مقدار میں جدید اور مہنگا اسلحہ استعمال کیا۔ رپورٹ کے مطابق اس صورتحال نے امریکی کانگریس کے بعض ارکان میں تشویش پیدا کر دی ہے کہ امریکی فوج تیزی سے اپنے انتہائی جدید اور محدود ذخیرے والے ہتھیاروں کو استعمال کر رہی ہے۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند روز قبل دعوی کیا تھا کہ ان کے ملک کے پاس اہم ہتھیاروں کا لامحدود ذخیرہ موجود ہے۔دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج ایران میں اب تک 5 ہزار اہداف کو نشانہ بناچکی ہے اور ان حملوں کے دوران ایران کے50 جنگی جہازوں کو تباہ یا انہیں نقصان پہنچایا گیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں