ایزی پیسہ بینک کو پہلا ڈیجیٹل ریٹیل بینک لائسنس جاری

کراچی (بیوروچیف) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایزی پیسہ بینک کو پہلا ڈیجیٹل ریٹیل بینک لائسنس جاری کردیاجس کے بعد بینک کو کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک میں منعقدہ ایک تقریب میں گورنر جمیل احمد نے ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ کو کمرشل آپریشن شروع کرنے کا لائسنس دیا۔اسٹیٹ بینک کے سربراہ نے توقع ظاہر کی کہ بینک جدت طرازی کو فروغ دے گا، مالی شمولیت میں اضافہ کرے گا اور قابل رسائی اور سستی ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی دستیابی کو یقینی بنائے گا۔انہوں نے پاکستان میں ڈیجیٹل بینکاری کے فریم ورک کے قیام اور منظم لائسنسنگ کے عمل کے ذریعے ڈیجیٹل بینکوں کی ترقی میں سہولت فراہم کرنے میں اسٹیٹ بینک کے اسٹریٹجک کردار کو اجاگر کیا۔جنوری 2023میں اسٹیٹ بینک نے 5درخواست دہندگان کو این او سی جاری کیے تھے جن میں ہیوگو بینک، کے ٹی بینک پاکستان لمیٹڈ، مشرق بینک پاکستان لمیٹڈ، رکامی اسلامک ڈیجیٹل بینک لمیٹڈ اور ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ شامل ہیں۔ستمبر 2023میں، ان بینکوں کو آپریشنل تیاری کی تیاری کے لیے اصولی منظوری ملی تھی، اس کے بعد مطلوبہ شرائط پوری کرنے کے بعد ایزی پیسہ بینک کو کام شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں