ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کا زرعی یونیورسٹی کا دورہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینئر نیچرل ریسورسز اینڈ ایگریکلچر سپیشلسٹ نوریکو ساتو نے نیوینا سانچیز ابراہیم، سینئر کلائمیٹ چینج اسپیشلسٹ (جسٹ ٹرانزیشن) اور کیرول فرانکو بلینی ایگریکلچر ایکسپرٹ کے ہمراہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا۔ نوریکوساتو نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا جسٹ ٹرانزیشن سپورٹ پلیٹ فارم کے تحت ترقی پذیر ممالک کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ایمریٹس اور سابق وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر اقرار احمد خاں، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر عمران ارشد، ڈائریکٹر مرکز برائے اعلی تعلیم ڈاکٹر حبیب اللہ، ڈاکٹر آصف کامران و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تحت جاری منصوبہ جات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوریکوساتو نے کہا کہ مضبوط ادارہ جاتی صلاحیتوں، ترقی اور اہدافی منصوبے کے ذریعے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کا یہ پروگرام ممالک کو ڈی کاربونائزیشن کے پیچیدہ سماجی و اقتصادی مسائل سے نمٹنے میں مدد کرتا ہے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لئے مختلف منصوبہ جات پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورحاضر میں پریسیئن زراعت خصوصی اہمیت کی حامل ہے اور اسے فروغ دے کر زرعی ترقی کا نیا باب مرتب کیا جا سکتا ہے۔ ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر عمران ارشد نے جاری تحقیقی و ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک فلپائن میں آب و ہوا کے اہداف سے متعلق حکمت عملی تیار کرنے میں مدد کر رہا ہے۔ مزید برآں ایشین ڈویلپمنٹ بینک سپورٹ پلیٹ فارم کے تحت پاکستان میں زراعت، توانائی اور صنعت جیسے شعبوں میں خطرات سے نمٹنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں