4

ایف ڈی اے سٹی کے مکینوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی،آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے سٹی کے مکینوں کو سیوریج و واٹر سپلائی کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی طے کرنے کیلئے اجلاس بلا لیا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمٹ ون جنید حسن منج، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں اور واسا کے نمائندہ ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ عمر افتخار و دیگر افسران شریک ہوئے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ایف ڈی اے سٹی کے ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا اور وہاں کے مکینوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے امور پر سوچ بچار کی۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج اور واٹر سپلائی کے نظام کو احسن انداز میں چلانے کیلئے مربوط حکمت عملی وضع کی جائیگی جس کیلئے وہاں کے مکینوں کی معاونت سے ان سہولیات کو نہ صرف اپ گریڈ کریں گے بلکہ اس سسٹم کی دیکھ بھال اور مانیٹرنگ کو بھی بہتر خطوط پر استوار کیا جائیگا۔ ڈی جی نے ایف ڈی اے سٹی میں ریونیو کی وصولی کی صورت حال اور اخراجات کا جائزہ لیا اور کہا کہ مرکزی واٹر ٹرانسمشن، سیوریج سسٹم کی صفائی و دیکھ بھال، سٹریٹ لائٹس، پارکس و گرین بیلٹس کی سرسبز و شادابی برقرار رکھنے، صفائی ستھرائی، سکیورٹی گارڈز و متعلقہ امور، روزانہ اجرت کے ورکرز اور بجلی کے بلوں کی مد میں ماہانہ بھاری اخراجات کی ادائیگیاں کی جا رہی ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں ریونیو وصولی بہت کم ہے لہذا آمدن و خرچ میں توازن پیدا کرنے کیلئے موثر لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی ریذیڈنٹس ایسوسی ایشن کی مشاورت و تعاون سے ایف ڈی اے سٹی میں دستیاب بنیادی سہولیات میں وسعت، ترقی اور دیکھ بھال کیلئے ضروری فیصلے کئے جائیں گے تاکہ باہمی تعاون سے ترقیاتی معاملات میں بہتری آسکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ اخراجات میں کمی، آمدن میں اضافہ اور دستیاب وسائل کو دانشمندی سے استعمال کرنے کیلئے قابل عمل تجاویز مرتب کریں اس سلسلے میں واسا کے افسران کی تکنیکی و انتظامی معاونت و تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران دیگر انتظامی و ترقیاتی امور میں پیش اور شعبہ جاتی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں