4

ایف ڈی اے میں267درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے ون ونڈو کائونٹر پر گزشتہ اڑھائی ماہ کے دوران 267 درخواست گزاروں کو مختلف شعبوں سے متعلقہ امور کے بار ے میں ریلیف فراہم کیا گیا اس سلسلے میں تیز رفتار محکمانہ کارروائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی جس میں ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹر آئی ٹی/فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہریوں کی مکمل آگاہی و رہنمائی کیلئے ون ونڈو کائونٹر کی نئی ترتیب کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کی فراہمی کے بارے میں درخواست گزاروں کو ہرممکن آسانی اور سہولت ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائم لائن کے مطابق درخواست گزاروں کے کام مکمل کئے جائیں اور محکمانہ کارروائی کے بارے میں انہیں بذریعہ ایس ایم ایس اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سے کہا کہ وہ سٹاف کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کیلئے ون ونڈو کائونٹر پر موصول ہونیوالی درخواستوں پر شعبہ جاتی کارروائی کے بارے میں ہفتہ وار رپورٹ حاصل کریں اور کسی بھی فائل کی تکمیل میں بلاجواز تاخیر کا فوری نوٹس لیا جائے۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ون سے متعلقہ 140درخواستوں، ٹائون پلاننگ ون کے بارے میں 100 درخواستوں، ٹائون پلاننگ ٹو سے متعلقہ کاموں کے بارے میں 23 اور کچی آبادیوں سے متعلقہ چار درخواستوں پر ریلیف فراہم کیا گیا۔ جن امور کے بارے میں درخواستیں نمٹائی گئیں ان میں جائیدادوں کی منتقلی ، بلڈنگ پلان کی منظوری ، وراثتی انتقالات ، ٹی پی رپورٹس ،اونر شپ سرٹیفیکٹس ودیگر این اوسی کے اجرا، کمرشلائزیشن کی منظوری، نجی ہائوسنگ سکیموں سے متعلقہ کاموں و دیگر نوعیت امور شامل ہیں۔ اے ڈی جی نے کہا کہ کم سے کم وقت میں سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانے کے لئے اصلاحات کو کامیاب بنانے کے لئے کوشاں ہیں اور ون ونڈو کائونٹر کو صحیح معنوں میں عوامی خدمت و اعتماد کو مرکز بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں