ایمبرائیڈری کو ویلیو ایڈڈٹیکسٹائل کا حصہ بنانے کی کوشش کرینگے،صدرFCCIفاروق یوسف

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ایمبرائیڈری کو ویلیو ایڈڈٹیکسٹائل سیکٹر کا اہم حصہ بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے آل پاکستان ایمبرائیڈری مشین ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہا کہ اس شعبہ کی برآمدا ت بڑھا نے کے وسیع امکانات موجود ہیں مگر ایس ایم ای سیکٹر میں ہونے کی وجہ سے اس سے متعلقہ صنعتکاروں کو مالی مشکلات کے علاوہ درآمدی مشینوں کی قیمتوں اور پیداواری لاگت میں اضافہ جیسے مسائل درپیش ہیں جن کے حل کیلئے منظم اور مربوط کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ چند سال قبل تک صرف اس سیکٹر سے 5لاکھ سے زائد افراد براہ راست یا بلواستہ طور پر منسلک تھے۔ اس طرح یہ شعبہ روزگار فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے ایمبرائیڈری سیکٹر سے وابستہ افراد کو بیرون ملک بھجوانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے تاکہ وہ نئی اور ہائی ٹیک مشینوں کی خریداری کے ساتھ ساتھ اِس کی مصنوعات کی برآمد کیلئے بھی نئی منڈیاں تلاش کر سکیں۔ اس سے قبل چیئرمین رانا عبدالغفار نے فاروق یوسف شیخ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا صدر منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اس سیکٹر کے مسائل کو حل کرانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمبرائیڈری سیکٹر کو ایس ایم ای سیکٹر میں شامل کیا جائے تاکہ وہ حکومت کی طرف سے اس سیکٹر کیلئے مختص سستے قرض حاصل کر سکیں۔ انہوںنے آئندہ سال کیلئے ملک علی مرتضیٰ کو فیصل آباد چیمبر کی ا یمبرائیڈری بارے قائمہ کمیٹی کا کنونیئر مقرر کرنے کی بھی سفارش کی۔ آخر میں انہوں نے فاروق یوسف شیخ کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ایسوسی ایشن کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں