ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے پٹرول اخراجات پر قابو پانے کیلئے پالیسی تشکیل دیدی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے پٹرول اخراجات پر قابو پانے کیلئے پالیسی تشکیل دیدی ہے جس کے تحت تمام ڈائریکٹوریٹس کے فیلڈ افسران کی پٹرول لمٹس کو اضافہ شدہ رقم کے تناسب سے کم کر دیا گیا ہے۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرول اخراجات پر قابو پانے کے حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد کے تمام ڈائریکٹوریٹس کے فیلڈ افسران کے پٹرول اخراجات میں کسی صورت اضافہ نہیں کیا جائے گا اور ہر ڈائریکٹوریٹ کے مقرر کردہ پٹرول لمٹس کو قیمتوں میں اضافہ کے تناسب سے کم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پٹرول پمپس آپریٹرز پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جس ڈائریکٹوریٹ کیلئے جتنی پٹرول لمٹ مقرر کی گئی ہے اس سے ایک لیٹر بھی زیادہ پٹرول نہیں دیا جانا چاہئے اگر ایسا کیا گیا تو اس کی رقم کی ادائیگی کسی صورت نہیں کی جائے گی۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ اگر کسی ڈائریکٹوریٹ کے فیلڈ افسران کی جانب سے مقرر کردہ لمٹس سے زیادہ پٹرول حاصل کیا گیا تو اس کی پے منٹ متعلقہ فیلڈ افسر کی تنخواہ سے کاٹی جائے گی۔ انہوں نے تاکید کی کہ جتنی پٹرول لمٹس مقرر ہیں ان کا 50فیصد پہلے پندرہ روز میں جبکہ باقی 50 فیصد آخری پندرہ روز میں جاری کیا جائے گا اور اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں