اینٹی منی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ،مجرم کو2سال قید و جرمانہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل سیشن جج اقبال ہرل نے ایف آئی اے کے اینٹی منی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم کو دو سال قید اور 50ہزار روپے جرمانہ کی سزا اور 40لاکھ مالیت کی غیر قانونی 8کنال اراضی ضبط کر کے وفاقی حکومت کے سپرد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ استغاثہ کے مطابق ایف آئی اے فیصل آباد سرکل نے حوالہ ہنڈی اور انسانی سمگلنگ پر مبنی مقدمہ کی تحقیقات کے دوران مال ریکارڈ’ سفری تاریخ ڈیجیٹل شواہد وگواہوں کے بیانات کا تفصیلی جائزہ لیکر مالیاتی تجزیہ کیا گیا تاکہ جائز آمدن اور غیر قانونی ذرائع سے حاصل شدہ رقم میں واضح فرق کیا جا سکے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے سفیان ولید نے تحقیقات مکمل کر کے چالان عدالت بھجوایا تو فاضل جج نے دوران سماعت جرم ثابت ہونے پر مجرم وقاص مسیح کو 2سال قید اور 50ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سناتے ہوئے اس سے واگزار ہونے والی 40لاکھ مالیت کی 8کنال اراضی وفاقی حکومت کے سپرد کرنے کا حکم سنا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں