اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہاتھوں پکڑے جانیوالا پولیس کانسٹیبل عادی منشیات فروش نکلا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہاتھوں پکڑے جانیوالا پولیس کانسٹیبل سہیل انجم عادی منشیات فروش نکلا، وہ کئی مرتبہ نوکری سے برخاست اور اپنے اثرورسوخ کی وجہ سے بحال ہوتا رہا اور چند روز قبل بھی نوکری پر بحال ہونے کے بعد منشیات کی سپلائی کرتا تھا۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کو اطلاع ملی تھی کہ کانسٹیبل سہیل انجم اپنے ساتھی دانش کے ہمراہ منشیات کی بڑی کھیپ دینے کیلئے جا رہے تھے جس پر اینٹی نارکوٹکس فورس نے چھاپہ مار کر دونوں کو گرفتار کر کے موٹرسائیکل پر رکھے توڑے کی تلاشی لی تو اس میں مجموعی طور پر 62کلو سے زائد افیون برآمد ہوئی جب پکڑے جانیوالے ملزم سے مزید پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ گھر میں بھی منشیات موجود ہے جس پر اسکے گھر واقع الیاس گارڈن 232 رب باوے والا میں چھاپہ مار کر 291کلوگرام سے زائد چرس بھی برآمد ہوئی اور اسکی اہلیہ کو بھی حراست میں لیکر بازپرس کی جا رہی ہے۔ مذکورہ منشیات فروش کانسٹیبل کی نشاندہی پر تھانہ سمن آباد کے ایس ایچ او امتیاز چپہ کے کمرہ میں منشیات برآمد ہونے پر ایس ایچ او اور دیگر ساتھیوں کے خلاف بھی تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پکڑے جانیوالے کانسٹیبل سہیل انجم سے مزید سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں