90

این اے 98 کا معرکہ ، شہباز بابر گجر کامنفرد ریکارڈ ، MNA بننے کی ہیٹرک

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) شرافت کی سیاست کے علمبردار چوہدری شہباز بابر گجر کے ووٹ بنک میں مسلسل اضافہ’ ایم این اے بننے کی ہیٹرک مکمل کر لی، 8فروری 2024ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار حافظ ممتاز گجر نے چوہدری شہباز بابر گجر کو ٹف ٹائم دیا مگر وہ الیکشن نہ جیت سکے اور چوہدری شہباز بابر گجر 119443 ووٹ لیکر تیسری مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہو گئے، واضح رہے کہ 2013ء کے عام انتخابات میں میاں نواز شریف نے اپنے قریبی ساتھی چوہدری محمد شریف گجر کو حلقہ این اے79 سمندری سے پارٹی ٹکٹ دیا تھا، لاہور سے پارٹی ٹکٹ لینے کے بعد واپس سمندری آتے ہوئے موٹروے پر ایک حادثہ میں چوہدری محمد شریف گجر جاں بحق ہو گئے تھے، ان کی اچانک موت کے بعد ان کے صاحبزادے چوہدری شہباز بابر گجر نے عملی سیاست میں قدم رکھا اور اپنے باپ کی جگہ پر این اے79 سمندری سے انتخابی نشان ”شیر” کے ساتھ الیکشن لڑا اور 118516 ریکارڈ ووٹ حاصل کئے، دوسرے نمبر پر خالد عبداﷲ غازی نے 22420 جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رانا فاروق سعید نے 21716 ووٹ لئے تھے، شہباز بابر گجر پہلی مرتبہ رُکن قومی اسمبلی بنے اور اپنے علاقہ میں شرافت کی سیاست کو فروغ دیتے ہوئے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے۔ 2018ء کے عام انتخابات میں اس حلقے کا نمبر این اے79 کی بجائے این اے104 ہو گیا اس الیکشن میں بھی مسلم لیگ (ن) نے انہیں پارٹی ٹکٹ دیا، چوہدری شہباز بابر گجر نے 95274 ووٹ لیکر کامیابی اپنے نام کی، جبکہ اس کے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار سردار دلدار احمد چیمہ 73716 ووٹ حاصل کر سکے۔ 2024ء کے عام انتخابات میں اس حلقے کا نمبر این اے104 سے تبدیل ہو کر این اے98 ہو گیا جس میں 378 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے، رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 579457 تھی جن میں 285585 ووٹ ڈالے گئے، 8711 ووٹ مسترد ہوئے، اس طرح ڈالے گئے ووٹوں کی شرح فیصد 50.79 رہی۔ چوہدری شہباز بابر گجر نے تیسری مرتبہ انتخابی نشان ”شیر” کے ساتھ 119443 ووٹ حاصل کئے، ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسابق صوبائی وزیر حافظ ممتاز گجر نے 105434ووٹ حاصل کئے۔ اس طرح چوہدری شہباز بابر گجر 14009ووٹوں کی برتری کے ساتھ ایم این اے کا الیکشن جیت لیا اور ان کی ایم این اے شپ کی ہیٹرک مکمل ہو گئی، اس حلقہ میں کل 20امیدوار میدان میں موجود تھے۔ تیسرے نمبر پر تحریک لبیک پاکستان کے محمد جواد سلیم نے 15591 ووٹ حاصل کئے جبکہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے امیدوار رانا محمد فاروق سعید خاں 2949′ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے حافظ صفی الرحمن نے 1923′ جماعت اسلامی کے عثمان علی نے 2722′ پاکستان عوامی تحریک کے محمد عثمان نے صرف 383 ووٹ حاصل کئے۔ آزاد امیدواروں میں چوہدری افتخار رسول گھمن 3602′ خالد عبداﷲ غازی 483′ شفقت رسول 151′ امان الحق 99′ محمد انور چوہدری 120′ محمد بلال فاروق 188′ محمد رافع 101′ سہیل سرور 2290′ محمد طاہر 2360′ محمد عرفان 169′ محمد فاروق ارشد 273′ محمد ندیم 696 ووٹ حاصل کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں