89

این اے 99کا معرکہ ، 16سال بعد قاسم فاروق پھر شکست سے دو چار

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) اسے کمزور حکمت عملی کہہ لیں یا حالات کی ستم ظریفی، حلقہ این اے 99 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کے ضلعی صدر میاں قاسم فاروق 16سال بعد ایک مرتبہ پھر شکست سے دوچار، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ملک عمر فاروق 120430 ووٹ لیکر رکن قومی اسمبلی منتخب۔ میاں قاسم فاروق انتخابی نشان ”شیر” ہونے کے باوجود صرف 79971 ووٹ حاصل کر سکے اور 40459 ووٹوں کی لیڈ سے شکست کھا گئے۔ 2008ء کے الیکشن میں اس حلقہ کا نمبر این اے80 تھا جہاں سے میاں قاسم فاروق نے پہلی مرتبہ الیکشن میں حصہ لیا ان کا انتخابی نشان ”شیر” تھا اس الیکشن میں میاں قاسم فاروق 44927 ووٹ حاصل کر سکے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ق) کے امیدوار رانا آصف توصیف 56724 ووٹ لیکر الیکشن جیت گئے۔ 2013ء کے الیکشن میں این اے80 سے میاں قاسم فاروق کے والد میاں فاروق نے 96039 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی اور (ق) لیگ کے رانا آصف توصیف 54427 ووٹ حاصل کر سکے اور وہ الیکشن ہار گئے۔ 2018ء کے الیکشن میں اس حلقہ کا نمبر تبدیل ہو کر این اے105 ہو گیا اس الیکشن میں میاں فاروق تیسرے نمبر پر آئے، پہلے نمبر پر تحریک انصاف کے رضا نصراﷲ گھمن 77920 ووٹ حاصل کر کے ایم این اے منتخب ہو گئے، دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار مسعود نذیر نے 69247 ووٹ حاصل کئے اور تیسرے نمبر پر میاں فاروق نے انتخابی نشان ”شیر” کے ساتھ 56560 ووٹ حاصل کئے۔ 2024ء کے الیکشن میں میاں نواز شریف نے اسی خاندان پر اعتماد کرتے ہوئے میاں فاروق کی بجائے ان کے صاحبزادے میاں قاسم فاروق ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کو این اے99 کا پارٹی ٹکٹ جاری کیا جبکہ میاں فاروق کے دوسرے صاحبزادے میاں معظم فاروق سابق ضلعی ناظم فیصل آباد بھی ایم این اے کا الیکشن لڑنا چاہتے تھے مگر پارٹی قیادت نے انہیں ٹکٹ نہیں دیا اس طرح میاں قاسم فاروق انتخابی نشان ”شیر” کے ساتھ میدان میں اترے۔ 8فروری کو ہونیوالی پولنگ میں این اے99 میں 392 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 491437 تھی جن میں سے 258255 ووٹ ڈالے گئے، 9647 ووٹ مسترد ہوئے، اس طرح ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 52.55 فیصد رہی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)’ جماعت اسلامی’ تحریک لبیک پاکستان’ پاکستان مرکزی مسلم لیگ’ پاکستان نظریاتی پارٹی’ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ کے امیدوار ملک عمر فاروق سمیت 25 امیدوار میدان میں موجود تھے۔ جن میں سب سے زیادہ ووٹ 120430پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ملک عمر فاروق نے حاصل کیے اور وہ الیکشن جیت گئے، دوسرے نمبر پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے میاں قاسم فاروق نے 79971 ووٹ حاصل کئے، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے شاہ نواز 4131′ جماعت اسلامی کے عاصم منیر 2807′ تحریک لبیک کے عمران خان 15079′ پاکستان نظریاتی پارٹی کے مزمل نذیر 767′ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کی نیہا جاوید نے 3727 ووٹ حاصل کئے۔ اس حلقہ میں سب سے کم 77 ووٹ آزاد امیدوار عمران وینس نے حاصل کئے۔ واضح رہے کہ الیکشن سے قبل این اے99 کی سروے رپورٹ میں میاں قاسم فاروق کو کمزور امیدوار بتایا گیا تھا اور میاں نواز شریف کو رپورٹ دی گئی تھی کہ میاں قاسم فاروق کی بجائے کسی دوسرے امیدوار کو میدان میں اتارا جائے تاکہ پارٹی یہ سیٹ ہار نہ سکے مگر سروے رپورٹ کو نظرانداز کر کے میاں قاسم فاروق کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا جس کا خمیازہ پارٹی کو بھگتنا پڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں