88

ایڈیشنل آئی جی پنجاب کا متوقع دورہ ، ٹریفک صورتحال بہتر دکھانے کیلئے نئی حکمت عملی تیار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی ٹی او مقصود احمد لون نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کے متوقع دورہ فیصل آباد پر ٹریفک پولیس کو چوکس رہنے اور شہریوں کے بلاوجہ چالان کرنے اور رشوت لینے سے باز رہنے کی ہدایت’ جڑانوالہ روڈ اور ستیانہ روڈ پر ڈرون کیمروں سے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، ٹریفک پولیس ہیلمٹ کی پابندی پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ چوکوں اور چوراہوں پر ہیلمٹ کیمپ بھی لگائے۔ ذرائع کے مطابق چیف ٹریفک پولیس فیصل آباد مقصود احمد لون نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو فیصل آباد ٹریفک کی صورتحال بہتر دکھانے کیلئے اور سیکٹر انچارج اور ٹریفک وارڈنز کو مبینہ طور پر ٹارگٹڈ چالان کرنے سے روک دیا اور ناکہ لگا کر بڑی گاڑیوں’ ٹریکٹر ٹرالیوں’ ٹرکوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں سے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرنے والے عملہ کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں ٹریفک عملہ کو کہا ہے کہ 22مارچ 2024ء کو ایڈیشنل آئی جی پنجاب کا فیصل آباد کا دورہ متوقع ہے اور اس موقع پر بالخصوص جڑانوالہ روڈ اور ستیانہ روڈ پر ڈرون کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور ٹریفک عملہ کو کہا گیا ہے کہ وہ ہیلمٹ کمپیئن شروع کرتے ہوئے چوراہوں اور اہم مقامات پر ہیلمٹ کیمپ بھی لگائے جائیں اور بلاوجہ شہریوں کے چالان کرنے سے گریز کریں اس کے باوجود اگر کوئی نذرانہ لیتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کو چالان کرنے کا روزانہ کا ٹارگٹ دینے والے اعلیٰ پولیس افسر نے ایڈیشنل آئی جی کی آمد کے موقع پر ارباب اختیار کو سب اچھا کی رپورٹ دینے کیلئے نئی حکمت عملی اختیار کر لی۔ موصوف جب سے فیصل آباد میں تعینات ہوئے ہیں ان کی تمام تر توجہ ریونیو جمع کرنے پر مرکوز ہے اور فیصل آباد میں ٹریفک کے مسائل کو یکسر نظرانداز کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں