فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے ون ونڈو کائونٹر کا دورہ کیا اور وہاں درخوا ست گزاروں کو سروسز کی فراہمی کے طریقہ کار کا جا ئز ہ لیا۔ ڈائریکٹر آئی ٹی/فنانس یاسر اعجاز چٹھہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ون ونڈو کائونٹر پر موجود درخواست گزاروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے سٹاف کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹائم لائن کے مطابق ریلیف فراہم کرنے کیلئے محکمانہ کارروائی کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے انچارج کنٹرول روم /ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبد اللہ نور کو ہدایت کی کہ ون ونڈو کائونٹر کو شہریوں کیلئے مزید باسہولت اور آسان بنایا جائے اس ضمن میں درخواست گزاروں کی مکمل رہنمائی اور دفتری ماحول کو مزید پرکشش و خوشگوار بنائیں۔ انہوں نے عوامی سہولت کیلئے ون ونڈو کائونٹر پر دفتری طریقہ کار میں بعض تبدیلیوں کی تجاویز دیں اور کہا کہ موصول ہونیوالی درخواستوں پر پیش رفت کے بارے میں انہیں ہفتہ وار رپورٹ فراہم کریں۔ اے ڈی جی نے شعبہ ٹان پلاننگ اور اسٹیٹ مینجمنٹ کائونٹرز پر فراہم کی جانیوالی سروسز اور پراپرٹی ٹرانسفر کرنے کے طریقہ کا بھی معائنہ کیا اور محکمانہ سروسز میں اعلی معیار اور رفتار کوتیز کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے شعبہ ریکوری میں ریکارڈ کو چیک کیا اور کہا کہ انتہائی اہمیت کے اس ٹاسک کے حسابات میں مکمل شفافیت اور نظم و ضبط کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے معیاری صفائی ستھرائی، تمام ریکارڈ کو آپ ڈیٹ اور فائلوں کو محفوظ و ترتیب وار رکھنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں اے ڈی جی نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سکیورٹی نظام کی مانیٹرنگ کے طریقہ کار کا معائنہ کیا اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ڈے کیئر سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے وہاں ضروری سہولیات سے آراستہ کرنے اور اپ گریڈیشن کے لئے متبادل بہتر جگہ کا انتخاب کرنے کی تلقین کی۔
