فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیسکو حکام نے ایکسیئن’ ایس ڈی او سمیت اعلیٰ افسران کے سرکاری فون نمبرز تبدیل کر دیئے، صارفین کو مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ افسران سے رابطہ کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا۔ تفصیل کے مطابق فیسکو حکام نے بغیر تشہیر کیے اچانک اہم واعلیٰ افسران کو نئے سرکاری نمبرز آلاٹ کر دیئے گئے، فیسکو کے زیرانتظام درجنوں اضلاع میں لاکھوں کی تعداد میں صارفین وابستہ ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں صارفین کو فیسکو سے متعلقہ شکایات کے اندراج کیلئے ایکسیئن’ ایس ڈی او کے ساتھ ساتھ دیگر فیلڈ افسران سے رابطہ کر کے اپنی شکایات ومسائل کے حل کے لیے رابطہ کرنا پڑتا ہے۔ فیسکو کی طرف سے اچانک تمام اعلیٰ افسران کی پرانی سمیں بند کر کے سرکاری سطح پر نئی سمیں فراہم کر دی گئیں ہیں جبکہ فیسکو کی طرف سے اعلیٰ افسران کے فون نمبرز تبدیل کرنے کی کسی صارف کو نہ تو اطلاع کی گئی اور نہ ہی بجلی کے بلوں پر بھی نئے نمبرز کا اندراج نہیں کیا گیا۔ جسکی وجہ سے فیسکو صارفین کو اپنے مسائل حل کروانے کیلئے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فیسکو صارفین اور شہریوں نے فیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسیئن اور ایس ڈی او سمیت اعلیٰ افسران کے فون نمبرز تبدیل ہونے کی اطلاع کی جائے تاکہ صارفین کو اپنے مسائل حل کروانے میں آسانی ہو۔
7