ایکسائز کے عملہ نے کچہری بازار میں لوٹ مار کی ”حد ”کردی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ ایکسائز کے عملہ نے کچہری بازار میں ٹیکس کولیکشن کی آڑ میں لوٹ مار کا بازار گرم کر دیا’ تاجروں کو بھاری ٹیکس لاگو کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور نذرانہ ادا کرنے والوں کے خلاف چپ سادھ رکھی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سرکل نمبر5 کے انسپکٹر جہانزیب اور اس کے ماتحت عملہ نے مبینہ طور پر رشوت کا بازار گرم کر دیا اور دکانداروں کو من مانے ٹیکس چالان جاری کئے جا رہے ہیں اور دکانداروں کو من مرضی کا ٹیکس چالان دیا جا رہا ہے کسی دکاندار سے 2ہزار اور کسی سے چار ہزار کی وصولی کی جاتی ہے جبکہ چالان پر کوئی باقاعدہ حساب یا قانونی جواز نہیں دیا گیا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایکسائز اہلکار کھلے عام پیش کش کر رہے ہیں کہ ”2ہزار اور چار ہزار کا چالان ختم سمجھو”۔ جب کوئی تاجر یا دکاندار ٹیکس بارے استفسار کرے تو ان کو دکان سیل کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں اور نذرانہ نہ دینے والوں کو دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ متاثرہ تاجروں نے اس صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی ایکسائز’ ڈائریکٹر ایکسائز اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ ایکسائز کے کرپٹ انسپکٹر اور عملہ کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے، محکمہ ایکسائز کے کرپٹ عملہ کو معطل کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور شہر کے مرکز کچہری بازار میں ایماندار اور فرض شناس عملہ کو تعینات کیا جائے جو کہ ٹیکس وصولی کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات کو دور کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں