کیلیفورنیا (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکس (ٹوئٹر) میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو پوسٹس کو خودکار طور پر ٹرانسلیٹ کرسکے گا۔کمپنی کی جانب سے ایک نیا فوٹو ایڈیٹر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔یہ دونوں فیچرز ایکس اے آئی کے گروک ماڈلز پر مبنی ہیں اور ان کا مقصد ایپ کے استعمال کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔ایکس کے پراڈکٹ ہیڈ Nikita Bier کی جانب سے ان فیچرز کا اعلان کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ آٹومیٹک ٹرانسلیشن فیچر دنیا بھر میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔اسے استعمال کرنے کے لیے مطلوبہ پوسٹ میں گیئر آئیکون پر کلک کرکے آٹومیٹک ٹرانسلیشن آپشن کو کسی مخصوص زبان کے لیے ان ایبل کرنا ہوگا۔اس طرح کا فیچر مختلف سوشل میڈیا نیٹ ورکس میں پہلے سے دستیاب ہے تاکہ پوسٹس کو عالمی سطح تک رسائی مل سکے۔اسی طرح ایکس کی آئی او ایس ایپ کے لیے نئے امیج ایڈیٹر کو بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔اس ایپ ڈیٹ کے ذریعے صارفین ایکس میں ڈرائنگ تیار کرسکیں گے جبکہ ٹیکسٹ ٹولز بھی استعمال کرسکیں گے۔اسی طرح تصویر کی مخصوص تفصیلات کو دھندلا کرنا بھی ممکن ہوگا۔اس فیچر کے تحت کمپنی کے اے آئی ماڈل گروک کی جانب سے پوچھا جائے گا کہ وہ کس طرح تصاویر کو ایڈٹ کرنا چاہتے ہیں۔کمپنی کے مطابق اس فیچر کو جلد اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا۔




