ایک سکالر شپ بھی سفارش پر نہیں دیا’مریم نواز

لاہور،ڈیرہ غازی خان (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے ہم 9 مئی والے نہیں28مئی والے ہیں، پاکستان والے ہیں اور پاکستان کی عزت کے رکھوالے ہیں۔ہماری زبان تذلیل کی نہیں تدریس کی ہے۔ ہم ڈنڈا بردار نہیں ہم علم، امن اور ترقی کے علمبردار ہیں، اہل،محنتی اور میرٹ پر آنے والا بچہ، فیس نہ ہونے کی وجہ سے اعلی تعلیمی ادارے کی تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔انہوں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے طلبہ کوبھی ہونہار سکالرشپ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں انکوبیشن سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا اورغازی یونیورسٹی کے طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کی ہدایت کی۔ وہ ڈی جی خان میں ہونہار سکالر شپ کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں وزیراعلیٰ نے چیک تقسیم کر کے باقاعدہ آغاز کیا اور طلبہ کیلئے نئے جدید ترین لیپ ٹاپ کی رونمائی کی۔ہونہار سکالر شپ پروگرام کا پہلا فیز مکمل ہوگیا۔ مریم نواز نے کہا پاکستان کو جہاں اور مسائل کا سامنا ہے وہاں فیک نیوز کا بھی سامنا ہے۔ بچے بغیر تحقیق کے سوشل میڈیا کی پوسٹ پر یقین نہ کیا کریں۔ سچ ابھی تسمے باندھ رہا ہوتا ہے، جھوٹ پوری دنیا کا چکر لگاکر آجاتا ہے۔انہوں نے کہا گالی گلوچ، پگڑیاں اچھالنے اپنے ملک کے خلاف قدم اٹھانے والا آپ کا دوست نہیں ہے ۔ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، شہدا، رینجرز اور پولیس والے ہمارے اپنے ہیں۔ انہوں نے کہا ہونہار سکالر شپ کے حوالے سے پروپیگنڈا وہ کررہے ہیں جنہوں نے سکالر شپ کی بجائے بچوں کے ہاتھ میں پٹرول بم دیا۔ بچوں کی طرف سے جو رسپانس مل رہا ہے ، مخالفین کو سمجھ نہیں آرہی کہ یہ کیا ہوگیا ہے۔مخالفین ہونہار سکالر شپ کو ڈرامہ کہتے ہیں ان کوپتہ ہی نہیں کہ سچی محبتیں کیا ہوتی ہیں۔ بہت عاجزی اور بچوں کی گواہی کے ساتھ کہتی ہوں کہ 30ہزار سکالر شپ میں سے ایک بھی کسی سفارش پر نہیں دیا گیا۔ ہر بچہ یہ گواہی دے سکتا ہے کہ ایک بھی سکالر شپ میرٹ کی خلاف ورزی پر نہیں دیا گیا۔ اگر کوئی کہہ دے کہ کسی ایک بچے کو کسی منسٹر، ایم این اے یا ایم پی اے کی سفارش پر سکالر شپ ملا ہے تو استعفی دے کر گھر چلی جاں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کے پی کے بچوں کی طرف سے بھی درخواستیں آرہی ہے ہمیں بھی سکالر شپ دیئے جائیں۔چاہتی ہوں کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بچوں کو سکالر شپ دوں۔مریم نواز نے کہا انتشار پھیلانے والوں نے نوجوانوں کو ورغلاکر جیل میں پہنچا دیا اب ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انتشاریوں نے پاکستان کے بچوں کا مستقبل تباہ کر دیااور ان کے بچے ملک سے باہر بیٹھے ہیں۔تقریب میں طالب علم شاعرہ نے وزیراعلیٰ کو ان الفاظ میں منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ اوسب دی ماں آگئی اے، کر اپنا فرض ادا گئی اے، کر مریم اینی وفا گئی اے، او غریب دا بوجھ ونڈا گئی اے ۔ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ کو شیشہ کاری سے مزین روایتی شال اور بلوچی لباس کا تحفہ پیش کیا گیا۔طلبہ نے مریم نواز کو نواز شریف اور دیگر کے پورٹریٹ بھی پیش کئے ۔مریم نواز نے ارکان اسمبلی کی نشستوں پر جا کر خیریت دریافت کی۔ ان کی نشست طا لبات کے درمیان تھی،انہوں نے بچیوں سے بات چیت بھی کی۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پرطلبہ کو گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے طلبہ کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں