86

ایک ٹیچر ایک درخت ، ایک طالب علم ایک درخت ، شجر کاری مہم میں محکمہ تعلیم کو ٹارگٹ مل گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا، محکمہ تعلیم کو ایک ٹیچر ایک درخت اور ایک طالب علم ایک درخت لگانے کا ٹارگٹ دے دیا۔ شجرکاری مہم کے دوران لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت کرنے کی ذمہ داری بھی اساتذہ کو سونپ دی گئی۔ تفصیل کے مطابق پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر مانیٹرنگ ملک غلام فرید کی طرف سے جاری ہونیوالے مراسلہ میں صوبہ بھر کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسران کو کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے اور اس حوالے سے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ خود بھی شجرکاری مہم کے دوران کم ازکم ایک درخت ضرور لگائیں اور اس کے ساتھ ساتھ تیسری کلاس سے لیکر دہم کلاس تک کے تمام طلبہ وطالبات بھی ایک درخت ضرور لگائیں اور اساتذہ اور ٹیچر لگائے جانیوالے پودوں اور درخت کے ساتھ اپنے نام کی تختی یا بورڈ لگائیں اور ان کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں اور اساتذہ طلبہ وطالبات کو شجرکاری کی مہم کے بارے میں بریفنگ دیں تاکہ صوبہ میں فضائی آلودگی’ سموگ کے خاتمہ میں مدد مل سکے۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی تعداد 333047 اور ضلع فیصل آباد میں اساتذہ کی تعداد 19982 ہے اور صوبہ بھر کے سرکاری سکولز میں طلبہ وطالبات کی تعداد 11990696 اور ضلع فیصل آباد کے سکولوں میں زیرتعلیم طلبہ وطالبات کی تعداد 862252 ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگر اساتذہ اور طلباء شجرکاری مہم کے تحت اپنا فرض ادا کریں تو سوا کروڑ سے زائد پودے لگائے جا سکتے ہیں۔ جبکہ اسطرح دیگر سرکاری محکموں کے افسران وعملہ کو بھی شجرکاری مہم میں حصہ لینے کا پابند کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں