ایک ہی خاندان کے14افراد اجتماعی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سرگودھا کے علاقہ کوٹ مومن کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے 14افراد کو اجتماعی نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد سپردخاک کر دیا گیا، اکٹھے چودہ جنازہ اٹھنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار ہوئی’ علاقہ بھر میں سوگ کی فضا۔ تفصیل کے مطابق اسلام آباد میں مقیم فیملی اپنی عزیزہ کی فوتگی پر جنازہ میں شرکت کیلئے مزدا ٹرک پر سوار ہو کر فیصل آباد آ رہے تھے کہ جب وہ سرگودھا کے علاقہ کوٹ مومن گلاں پور بنگلہ کے قریب پہنچے تو شدید دھند کی وجہ سے مزدا ٹرک نہر میں گر گیا، جس میں سوار 23مرد وخواتین اور بچے مزدا ٹرک تلے دب گئے، جن میں سے 14افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ مرنے والوں میں خانوآنہ ککڑی والا کے رہائشی مصری خان ولد اکرم، حلیمہ بی بی زوجہ غلام عباس، یٰسین ولد رمضان’ سونیا زوجہ طارق’ پٹھان بی بی زوجہ ولائت’ حانیہ دختر ممتاز، ایمان فاطمہ زوجہ ندیم عباس، رانی بی بی زوجہ ممتاز، حارث ولد ندیم، وسیم عباس ولد محمد عباس، حورین فاطمہ دختر ندیم، ثقلین ولد ظہیر احمد، حورم دختر ظہیر عباس اور آمنہ دختر ممتاز شامل تھے۔ جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گزشتہ روز نعشیں گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا اور اجتماعی نمازجنازہ میں پولیس افسران’ ضلعی انظامیہ سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ 14افراد کے اکٹھے جنازہ اُٹھنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، پورے گائوں میں سوگ کی فضا’ ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں