اے آئی کے استعمال کے نقصانات

لندن ( مانیٹرنگ ڈیسک )مصنوعی ذہانت (اے آئی)دنیا بھر میں تیزی سے بڑھتا ہوا ایک ایسا ٹول ہے جس کا اثر شعبہ ہائے زندگی کے تمام پہلوں میں نظر آرہا ہیویسے تو اس کے بہت سے فوائد ہیں لیکن اس کا بے دریغ استعمال انسانی بقا کیلئے ایک سنگین خطرہ بھی بن سکتا ہے۔مصنوعی ذہانت کے فوائد اور نقصانات کو سمجھنا اور اعتدال میں استعمال کرنا ہم پر منحصر ہے، بین الاقوامی سطح پر مصنوعی ذہانت کے استعمال کے قوانین بنانا اور حدود طے کرنا انتہائی ضروری ہے۔جدید اے آئی ٹولز جیسے چیٹ بوٹس اور دیگر سافٹ ویئر چند ہی لمحوں میں پیچیدہ کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ای میل لکھنے سے لے کر پیغامات تیار کرنے اور کتابوں کے خلاصے بنانے تک، یہ ٹیکنالوجی انسانی کام کو نہایت آسان بنا رہی ہے۔تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اے آئی پر ضرورت سے زیادہ انحصار انسانی ذہنی صلاحیتوں کو متاثر کرسکتا ہے۔ان کے مطابق جب انسان خود سوچتا، تحقیق کرتا اور مسائل حل کرتا ہے تو اس کا دماغ زیادہ فعال رہتا ہے، جس سے سیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔تحقیقی رپورٹس سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ کچھ لوگ اے آئی کے زیادہ استعمال کے باعث معلومات کو گہرائی سے سمجھنے کے بجائے صرف سرسری طور پر دیکھتے ہیں۔اس رویے کے نتیجے میں ذہنی شارٹ کٹس اپنانے کا رجحان بڑھتا ہے اور بعض اوقات سستی یا مکمل انحصار کی کیفیت پیدا ہونے لگتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل مسئلہ اے آئی کا استعمال نہیں بلکہ اس کا غلط استعمال ہے۔ جس طرح ہم روزمرہ زندگی میں ڈاکٹر، انجینئر یا اساتذہ سے رہنمائی لیتے ہیں، اسی طرح اے آئی کو بھی بطور مددگار استعمال کیا جانا چاہیے نہ کہ ہر کام اس کے سپرد کردیا جائے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ انسانی دماغ بنیادی طور پر تین اہم کام انجام دیتا ہے، معلومات کو سمجھنا، اسے محفوظ رکھنا اور ضرورت کے وقت اسے یاد کرنا۔ اگر یہ عمل مسلسل کم ہوتا جائے تو ذہنی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔ماہرین تجویز دیتے ہیں کہ افراد کو مشکل کام خود انجام دینے کی عادت اپنانی چاہیے کیونکہ ہر آسان راستہ طویل مدت میں فائدہ مند نہیں ہوتا۔ بعض اوقات ذہنی مشقت ہی دماغ کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنتی ہے۔آخر میں یہ بات یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ اے آئی کو صرف ایک معاون کے طور پر استعمال کیا جائے۔ اگر انسان اپنی سوچ اور تجزیاتی صلاحیت کو برقرار رکھتے ہوئے اس ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائے تو یہی اے آئی اس کے لیے ایک طاقتور اور مفید ذریعہ ثابت ہوسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں