بائی پاس شور کوٹ کا ریلوے پھاٹک کھول دیا گیا

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے بائی پاس شورکوٹ روڈ پر واقع ریلوے پھاٹک کا دورہ کیا، جہاں محکمہ ہائی وے ڈیپار ٹمنٹ کی جانب سے تعمیر و مرمت مکمل ہونے کے بعد ریلوے پھاٹک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو ایکسیئن ہائی وے اصغر علی نے منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ عوامی مطالبے اور پارلیمنٹرین کی خصوصی دلچسپی سے پایہ تکمیل تک پہنچا ہے۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ ریلوے پھاٹک کے فعال ہونے سے شہر میں ٹریفک کے دبا میں واضح کمی آئے گی اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کے ذریعے گوجرہ روڈ کو جھنگ روڈ اور اکال والا روڈ سے منسلک کیا گیا ہے جبکہ رنگ روڈ وریام والا کو کھمانوالہ اور شورکوٹ روڈ سے جوڑتا ہے۔ اسی طرح کھیکھا روڈ اور رجانہ روڈ بھی رنگ روڈ کے ذریعے آپس میں منسلک ہو گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو باآسانی اور محفوظ سفر کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہری سہولیات میں بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور روانی کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں