3

بااثر افراد کے تشدد سے رکشہ ڈرائیوردم توڑ گیا،لواحقین کا احتجاج

ساہیانوالہ(نامہ نگار ) تھانہ چک جھمرہ کی حدود میں بااثر افراد کا رکشہ والے پر تشدد کا معاملہ ملزمان کے مبینہ تشدد سے دبئی پلٹ رکشہ ڈرائیور منظور عرف کالے خاں ولد نوبہار 293ر،ب اوڈاں چک لائن والا کارہائشی چند روز زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا مقتول کے لواحقین نے انصاف کیلئے ریلوے ٹریک پر نعش رکھ کر احتجاج کیا اور تھانہ چوک چک جھمرہ بلاک کئے رکھا ۔ تفصیلات کے مطابق 186ر،ب ڈھلم کے بااثر افراد کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والا رکشہ ڈرائیور 9روز بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا، مقتول کے ورثاء کا کہنا ہے کہ بااثر افراد نے رکشہ ڈرائیور کو پہلے سڑک کنارے جبکہ بعد میں زیر علاج مقتول کو ہسپتال پہنچ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ دوسری جانب چک جھمرہ پولیس ملزمان بااثر ہونے کی بنا پر ان کیخلاف کاروائی سے گریز کرتی رہی اور پولیس مقدمہ درج کرنے کے لئے تشدد کا نشانہ بننے والے غریب رکشہ ڈرائیور کے مرنے کا انتظار کرتی رہی مقتول کے لواحقین نے گزشتہ روز نعش مین چک جھمرہ چوک میں رکھ کر احتجاج کیا مظاہرین نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ایس،پی مدینہ ڈویژن سعد ارشد بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے ایس،ایچ،او تھانہ فیڈمک محسن کمبوہ بھی موقع پر موجود تھے۔ پولیس نے مقتول کے لواحقین سے مذاکرات کئے جس پر مقتول کے ورثاء نے احتجاج ختم کرکے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چک جھمرہ منتقل کردی، جہاں سے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی اور نامزد ملزمان عثمان طارق، بابر بشیر، منظر بشیر،ثاقب وغیرہ کے خلاف مقتول منظور کے والد نوبہار کی مدعیت میں اغوا کے بعد تشدد سے ہلاکت کا مقدمہ نمبری 2555\24درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے بھاری نفری کے ہمراہ ریڈ کئے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں