46

بااثر مارکیز مالکان نے ون ڈش کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں بااثر شادی ہالز اور مارکیز مالکان نے ون ڈش کی خلاف ورزی اور وقت کی پابندی کے قانون کو ہوا میں اڑا دیا، شادی بیاہ کی تقریبات میں انواع واقسام کے کھانے پیش ہونے لگے، ضلعی انتظامیہ نے بااثر مارکیز مالکان کے خلاف کارروائی سے گریزاں۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے کینال روڈ اور ڈائیوو روڈ پر موجود سیاسی اثرورسوخ رکھنے والے چند مارکیز مالکان کو ون ڈش اور وقت کی پابندی نہ کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے جہاں پر تقریبات کے دوران پورا مینیو فراہم کیا جا رہا ہے۔ مذکورہ چند مارکیز میں چکن’ مٹن’ مچھلی سے تیارکردہ انواع واقسام کی ڈشز فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ون ڈش کے خلاف کارروائی تو درکنار ان مارکیز کی چیکنگ بھی نہیں کرتے اور مارکیز مالکان پورا مینیو فراہم کر کے جیبیں گرم کر رہے ہیں اور وقت کی پابندی کو بھی ملحوظ خاطر نہیں رکھا جاتا۔ لائوڈ سپیکرز کا بھی استعمال ہو رہا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ضلعی پولیس نے بھی مذکورہ مارکیز اور شادی ہالز کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے چپ سادھ رکھی ہے۔ شادی کی تقریبات میں سینکڑوں افراد کی شمولیت کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک بلاک رہنا بھی معمول بن چکا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مخصوص مارکیز کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر سوالیہ نشان ہے؟ جبکہ سیاسی اثرورسوخ رکھنے والے مالکان بھی ون ڈش کے قانون کو خاطر میں نہیں لاتے جبکہ اس کے برعکس سیاسی پشت پناہی نہ رکھنے والے مارکیز میں روزانہ چھاپے مار کر ان کو لاکھوں روپے جرمانہ کے ساتھ منیجرز اور دیگر عملہ کو گرفتار کر کے مقدمات اندراج کروائے جا رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے کمشنر سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنر عبداﷲ نیئر شیخ اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے شادی بیاہ کی تقریبات میں ون ڈش کی خلاف ورزی اور وقت کی پابندی نہ کرنے والی مارکیز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں