بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا

لاہور (سپورٹس نیوز) بابر اعظم نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ فریقی سیریز کے دوران زمبابوے کے خلاف میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر195 رنز بنائے، جس میں اوپنر صاحبزادہ فرحان اور بابراعظم نے نصف سنچریاں بنائیں اور ٹیم کو بڑے اسکورتک رسائی میں کلیدی کردار ادا کیا۔صاحبزادہ فرحان نے سیریز میں مسلسل دوسری نصف سنچری بنائی اور41 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی، فخر زمان نے اختتامی اوورز میں صرف 10 گیندوں کا سامنا کیا تاہم ایک چوکا اور 3 بلند وبالا چھکے رسید کرتے ہوئے آئوٹ ہوئے بغیر 27 رنز بنائے۔بابراعظم نے 52 گیندوں پر7 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے تاہم یہ ان کے کیریئر کی 38 ویں نصف سنچری ہے، اس سے قبل بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے سب سے زیادہ 38 نصف سنچریوں کا ریکارڈ بنایا تھا۔بابر اعظم نے 134 میچوں کی 127 اننگز میں 38 نصف سنچریاں بنائیں اورانہیں ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 4 ہزار 392 رنزبنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے اور اس کے علاوہ 3 سنچریوں کے ساتھ 50 یا اس سے زائد رنز کی سب سے زیادہ اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ ویرات کوہلی نے 125 میچوں کی 117 اننگز میں 38 نصف سنچریاں بنائی ہیں اور صرف ایک سنچری ہے، تیسرے نمبر پر روہت شرما نے 32 نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں