بابراعظم کی ٹی20 کرکٹ اسکواڈ میں واپسی کا امکان

کراچی(سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے فخر زمان کے فٹنس مسائل کی وجہ سے سابق پاکستانی کپتان بابراعظم کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی پر غور شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق بابراعظم کی واپسی آئندہ سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ 2025 کے لیے متوقع ہے۔ فخر زمان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران چوٹ لگی تھی جس کے باعث وہ نہ صرف ٹی ٹوئنٹی بلکہ ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہو چکے ہیں۔پی سی بی نے فخر زمان کو فوری طور پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے جہاں وہ ری ہیب کے عمل سے گزریں گے۔ ایشیا کپ میں ان کی دستیابی غیر یقینی ہے تاہم متبادل منصوبے بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر فخر مکمل فٹ نہ ہو سکے تو بابراعظم مضبوط امیدوار کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم بابراعظم کی واپسی کا انحصار ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں ان کی کارکردگی پر ہے، اگر وہ سلیکٹرز کو متاثر کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو ان کی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔حال ہی میں بابراعظم نے محمد رضوان اور نسیم شاہ کے ہمراہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران ملاقات بھی کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں