بابر سلیم سواتی کرپشن الزامات سے بری

پشاور(بیوروچیف) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی پر مبینہ کرپشن کے الزامات اور اختیارات کے غلط استعمال کے حوالے سے احتساب کمیٹی کے رکن قاضی انور کی رپورٹ کی کاپی میڈیا نے حاصل کر لی۔رکن احتساب کمیٹی قاضی انور ایڈووکیٹ کی 7صفحات مشتمل رپورٹ میں سپیکر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کو کلین چٹ دے کر الزامات سے بری کر دیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپیکر بابر سلیم سواتی پر لگائے گئے الزمات ثابت نہیں ہو سکے، سپیکر ہاس کی تزئین و آرائش پر 3 کروڑ روپے کی ادائیگی میں سپیکر کا کوئی کردار نہیں تھا، بحیثیت سپیکر بابر سلیم سواتی کا آسٹریلیا میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کیلئے جانا ضروری تھا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ کلاس فور ملازمین کو روزگار تبادلے کے دفتر کی سفارش پر بغیر اشتہار قوائد کے مطابق بھرتی کیا گیا، سپیشل سیکرٹری سمیت تمام تقرریاں اور ترقیاں قانون کے مطابق ہوئیں، اسمبلی سیکرٹریٹ میں تمام تقرریاں اور ترقیاں ڈی پی سی کی سفارشات پر ہوئیں۔احتساب کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپیکر اپنے عہدے کے لحاظ سے اسمبلی کے سامنے جوابدہ ہیں نہ کہ کمیٹی کے سامنے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی نے سپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی پر کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کا الزام لگایا تھا، سپیکر نے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے خود انکوائری کیلئے پارٹی کمیٹی کو خط لکھا تھا، کمیٹی نے اعظم خان سواتی سے الزامات کے ثبوت طلب کئے تھے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کو ارسال کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں