باجوڑ سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ (اداریہ)

سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں چیک پوسٹ پر ”فتنہ الخوارج” کا حملہ ناکام بنا دیا اور جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے بارودی گاڑی ٹکرانے اور انفراسٹرکچر مہندم ہونے سے سکیورٹی فورسز کے 11خوان اور ایک معصوم بچی شہید’ 17افراد زخمی ہوئے آئی ایس پی آر کے مطابق 16فروری کو ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بھارتی آلہ کار اور پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی تاہم فورسز نے انتہائی چوکسی اور عزم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ان مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے پیشہ وارانہ مہارت اور بے مثال جرأت کے ساتھ جوابی کارروائی کی اور فرار ہونیوالے خوراج کو نشانہ بناتے ہوئے 12 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ناکامی اور مایوسی کے عالم میں حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر مہندم ہو گیا جس کے نتیجے میں دھرتی کے 11 بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا دھماکے سے چیک پوسٹ کے قریب واقع شہری آبادی کے مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7افراد زخمی ہو گئے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خارجی کے خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم استحکام کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں’ صدر مملکت آصف علی زداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی باجوڑ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت’ وزیراعظم نے باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی تعریف کی اور فورسز کے 11 بہادر سپوتوں کی جانب سے جانوں کا نذرانہ دینے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں ارض مقدس کے تحفظ’ استحکام قوم کی حفاظت کیلئے انتہائی اہم ہیں اور ہماری فورسز بزدل دشمن کو ہر قیمت پر شکست دے گی پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے،، بھارت کی گزشتہ سال پاکستان کے خلاف جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے بعد ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے گزشتہ دنوں شانگلہ میں سرچ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کی فائرنگ سے 3پولیس اہلکار شہید ہوئے جوابی کارروائی میں 3شدت پسند بھی ہلاک کر دیئے گئے۔ تھانہ میریان کے مرکزی گیٹ کے باہر بارود سے بھری گاڑی اور موٹرسائیکل میں نصب آئی ای ڈی کے دھماکے سے ایک بچے سمیت 2افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوئے اسی طرح خیبر کے علاقے باڑہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے ایک راہ گیر خاتون جاں بحق ہو گئی ملک میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر پوری قوم کو تشویش ہے دہشت گرد عناصر سہولت کاروں کی مدد کیے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتے اس لئے ان پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھنا ناگزیر ہے افواج پاکستان کی دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے بھرپور آپریشن کیا جائے تاکہ ملک کو امن وامان کا گہوارہ بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں