31

باراتیوں نے تشدد کرکے بزرگ شہری کو مار ڈالا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جھمرہ روڈ عبداﷲ پور میں بارات پر نوٹ لوٹنے کے دوران بچوں پر تشدد کی شکایات کرنے آئے ادھیڑ عمر شخص کو باراتیوں نے تشدد کا نشانہ بنا کر مار ڈالا’ منصورآباد پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے 4نامزد اور دو نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ساہیوال سے بارات جھمرہ روڈ عبداﷲ پور میں واقع الفجرپیلس میں پہنچی تو باراتی نوٹ نچھاور کر رہے تھے کہ اسی محلہ کے بچے نوٹ لوٹنے کے لیے مارکی میں داخل ہوئے تو باراتیوں نے بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، بچوں نے گھر جا کر بتایا تو بچوں کے لواحقین نے باراتیوں سے آکر شکوہ کیا تو باراتیوں نے ان سے بھی جھگڑا شروع کر دیا اور جھگڑے کے دوران 64 سالہ جبار حسین عرف حاجی منگا ولد محمد حسین کو بری طرح تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لہولہان کر دیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، اطلاع ملنے پر منصور آباد پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے چھ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے عبدالرزاق اور مظہر کو حراست میں لیکر بازپرس شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں