اسلام آباد (بیوروچیف) ملک میں جاری حالیہ بارشوں کے نتیجے میں آبی ذخائر کی صورتحال بہتر ہوگئی ۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے جاری اعداد و شمار کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ بیراج میں پانی کا وافر ذخیرہ جمع ہو چکا ہے۔تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1449.82 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ یہاں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی صلاحیت 1550فٹ ہے۔ ڈیم میں اس وقت قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 1.006ملین ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تربیلا میں پانی کی آمد 43ہزار کیوسک اور اخراج 20ہزار کیوسک ہے۔منگلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1138 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس کی انتہائی صلاحیت 1242فٹ ہے۔ منگلا میں پانی کا ذخیرہ 1.268ملین ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا ہے۔ یہاں پانی کی آمد 47.5ہزار کیوسک اور اخراج 22ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔چشمہ بیراج میں پانی کی سطح 645 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کی مجموعی گنجائش 649فٹ ہے۔ یہاں 0.171ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہے، جہاں آمد 57.7ہزار اور اخراج 35ہزار کیوسک ہے۔ارسا کے مطابق صوبوں کو مجموعی طور پر 85.1ہزار کیوسک پانی تقسیم کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کو 42.3ہزار کیوسک اور سندھ کو 40ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کو 2.3ہزار کیوسک اور بلوچستان کو 0.5ہزار کیوسک پانی کی فراہمی جاری ہے۔ارسا کے مطابق سکردو میں درجہ حرارت 16.7ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث برف پگھلنے کے عمل اور پانی کی آمد پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔



