بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کا مثالی کردار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بارشوں کے دوران سٹی ٹریفک پولیس کی مثالی کارکردگی’ سیف سٹی کے کیمرے بھی فعال’ کارکردگی بہترین قرار’بارشوں میں واسا اور فیسکو کی کارکردگی بدترین رہی’ بجلی کی بندش اور کرنٹ لگنے کے واقعات پر شہری برہم۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں بارشوں کے دوران سٹی ٹریفک پولیس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کا کریڈٹ CTO فرحان اسلم کو جاتا ہے، بارشوں کے دوران وہ خود بھی متحرک رہے اور ان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس کے ایس پیز’ ڈی ایس پیز سمیت تمام عملہ بالخصوص ٹریفک وارڈنز بارش کے دوران بھی اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام دیتے رہے، فیصل آباد شہر میں ٹریفک وارڈنز نے بارشی پانی میں کھڑے ہو کر بھی ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا اور اور ان کی توجہ اپنے فرائض کی ادائیگی پر مرکوز رہی جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ بارشوں کے دوران واسا کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی ، آٹھ بازاروں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، سڑکیں اور گلیاں تالاب بن گئیں واسا کا عملہ کہیں بھی نظر نہیں آیا، 24گھنٹے بعد بھی نشیبی علاقوں سے پانی نہیں نکالا گیا جس سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سیف سٹی کی کارکردگی بھی ریسکیو1122 کی طرح اچھی رہی اور فیصل آباد میں لگائے جانیوالے کیمروں کی مدد سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں بڑی مدد مل رہی ہے، اس موسم میں فیسکو کی کارکردگی سب سے پیچھے رہی، بارش کے دوران فیڈرز کے ٹرپ کر جانے اور دیگر خرابیوں کے باعث بجلی کی بندش او رکرنٹ لگنے کے واقعات پیش آنا شہریوں کیلئے سخت پریشانی کا باعث بنا، اس طرح لوگ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور واسا کی کارکردگی پر برہم نظر آئے اور شہری حلقوں نے بھی واسا اور فیسکو کی کارکردگی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو پیش آنیوالی پریشانیوں کا موثر سدباب یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں