بارش سے سڑکیں،گلیاں تالاب بن گئیں،بجلی کی طویل بندش سے شہری پریشان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں موسلادھار بارش سے بازار’ شاہراہیں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے’ فیسکو کے درجنوں فیڈر ٹریپ کرنے سے آدھے شہر کی بجلی تقریباً 10گھنٹے تک بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا جبکہ محکمہ واسا کا عملہ بارش کے دوران پانی کی نکاسی کیلئے سرگرم رہا، فیسکو دفاتر کے فون بند اور عملہ غائب’ صارفین بجلی کی بحالی کروانے کیلئے فیسکو دفاتر چکر لگاتے رہے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز سے فیصل آباد اور اس کے گرد ونواح میں وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش جیل روڈ پر 131ملی میٹر’ گلستان کالونی میں 127ملی میٹر’ مدینہ ٹائون میں 69ملی میٹر’ غلام محمد آباد میں 67ملی میٹر’ ڈوگر بستی میں 83ملی میٹر’ علامہ اقبال کالونی میں 67ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے باعث شہر کی مین شاہراہوں سوساں روڈ’ ٹاٹا بازار’ اقبال سٹیڈیم’ جیل روڈ’ سمندری روڈ’ کوہ نور چوک سمیت شہر کے نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے تاہم بارش کے دوران محکمہ واسا کا فیلڈ سٹاف ہیوی مشینری کے ساتھ بارشی پانی کی نکاسی کیلئے سرگرم ہو گیا، جبکہ فیسکو کی کارکردگی کا پول کھل گیا۔ گزشتہ روز بارش ہوتے ہی فیسکو کے درجنوں فیڈر ٹریپ کر گئے اور آدھے سے زیادہ شہر کی بجلی تقریباً 10گھنٹے غائب رہی جسکی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں پانی کے ٹینک خالی ہو گئے۔ تاہم آج صبح سے وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مین شاہراہوں کے علاوہ نشیبی علاقوں سے ابھی تک بارشی پانی نکالا نہ جا سکا جبکہ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کا کہنا تھا کہ فیلڈ سٹاف پونڈنگ پوائنٹس پر موجود اور مشینری کو فنکشنل کر دیا گیا ہے اور بارشی پانی کی نکاسی تک عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں