بانی پی ٹی آئی اپنی سزا مکمل طور پر بھگتیں گے

پشاور (بیورو چیف)گورنر خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ عمران خان پانی سزا پوری کریں، پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں رِہائی سے متعلق بات نہیں ہوگی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اپنی سزا مکمل طور پر بھگتیں گے اور انہیں کسی صورت این آر او نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی سے مذاکرات ہوتے بھی ہیں تو ان میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی زیر بحث نہیں آئے گی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے معاملے پر اب تک پیپلزپارٹی سے کوئی بات نہیں کی گئی، اگر واقعی سنجیدہ مذاکرات کی بات ہوتی تو چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اس حوالے سے بیان دیتے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ماضی میں بھی اس جماعت نے مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک شخص کے لیے پورے صوبے کو تباہ کیا ہوا ہے۔ پارٹی کو چاہیے کہ وہ صوبے کے عوام پر بھی توجہ دے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی 16 ماہ کی حکومت کے دوران اتحادی جماعتوں اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں