اسلام آباد (بیوروچیف)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی کی 6اور بشریٰ بی بی کی ایک عبوری ضمانت میں 7اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے متعلقہ مقدمات میں گرفتاری سے روک دیا۔ بانی پی ٹی آئی کی 9مئی، اقدام قتل، و احتجاج کے مقدمات میں 7اکتوبر تک ضمانت میں توسیع دی گئی، بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ میں جعلی رسیدوں کے مقدمہ میں ضمانت میں توسیع دی گئی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ آج بھی نہ سنایا، بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر دلائل مکمل نہ ہوسکے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر اکٹھا فیصلہ سنایا جائے گا، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ ترنول ، کراچی کمپنی کوہسار ودیگر میں مقدمات درج ہیں۔



