26

باوقار ‘ متحرک شخصیت… راجہ جہانگیر انور

ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں’ انہوں نے فیصل آباد میں ڈویژنل کمشنر کا چارج سنبھال کر جو عملی اقدامات اٹھائے وہ قابل تحسین ہیں، اپنی تعیناتی کے مختصر ترین عرصہ میں انہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے تمام مکاتب فکر کے لوگوں بالخصوص صحافی برادری کو اپنا گرویدہ بنایا، بلکہ اگر یوں کہا جائے کہ اپنا دست وبازو بنا لیا ہے تو بے جا نہ ہو گا، اس جہان رنگ وبو میں آپ کو ہر طرح کے لوگ نظر آئیں گے مگر ان لوگوں کو ہر خاص وعام نے ہمیشہ بڑی قدر ومنزلت سے نوازا ہے جو اپنی قدرتی صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کے بہترین استعمال کے ذریعے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں، یہ لوگ جہاں بھی جائیں لوگ ان کے لیے دیدہ ودل فرش راہ کئے نظر آتے ہیں، بلاشبہ! بڑے مقاصد حاصل کرنے کیلئے بہت محنت کرنی پڑتی ہے، اپنے آرام وسکون کو چھوڑ کر خلق خدا کی بہتری اور انہیں درپیش مسائل ومشکلات کو حل کرنا وہ عظیم نیکی ہے جو اﷲ تعالیٰ کو بڑی پسند ہے اور یہ خلق خدا کی دعائیں لینے کا بہت بڑا ذریعہ ہے، وہ غم زدہ اور پریشان حال شخص جو کسی الجھن وپریشانی میں مبتلا ہو’ اس کی دادرسی کرنا خوش بخت لوگوں کو ہی نصیب ہوتا ہے، راجہ جہانگیر انور ہمیشہ لوگوں کو درپیش مشکلات کے حل میں پیش پیش نظر آتے ہیں ‘ وہ جس تیزی سے عوامی مسائل حل کر رہے ہیں اس سے زندہ دلان فیصل آباد بیحد خوش ہیں اور ان کو یہ کہتے سنا جا رہا ہے کہ ڈویژنل کمشنر نے ریسکیو 1122 کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، دیکھنے میں آیا ہے کہ فیصل آباد میں جہاں کہیں بھی، کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو، اس مسئلہ کی نشاندہی کوئی بااثر شخصیت یا عام آدمی کرے، اس مسئلہ کے حل پر فوری توجہ دی جاتی ہے اور اس کے حل کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے جاتے ہیں، ہر شخص اس بات سے شاداں وفرحاں نظر آتا ہے کہ فیصل آباد بھر میں ہر طرف تعمیر وترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے، ہر وہ مسئلہ جو شہریوں کیلئے کسی بھی مشکل کا باعث ہو، اس کو فوری حل کیا جاتا ہے، ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کی یہ بہت بڑی خوبی ہے کہ شہریوں کی نشاندہی پر کسی بھی مسئلہ کے حل میں معمولی سی کوتاہی بھی نہیں کی جاتی، وہ متعلقہ اداروں کے افسران کو ان مسائل وعوامی مشکلات کے فوری حل کا حکم دیتے ہیں اور سارے عمل کا بغور جائزہ بھی لیتے رہتے ہیں۔ جب مسئلہ حل ہو جائے تو انہیں متعلقہ مقام پر جا کر اس کا معائنہ کرتے بھی دیکھا گیا ہے جس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا ہے کہ مختلف سرکاری اداروں کے افسران اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگیوں کے سلسلہ میں مستعد ہو گئے ہیں کیونکہ انہیں علم ہو چکا ہے کہ ڈویژنل کمشنر کسی وقت بھی ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے پہنچ جائیں گے، راجہ جہانگیر انور نے کھلی کچہریوں کے ذریعے لوگوں کے دکھ درد معلوم کر کے انہیں ان سے نجات دلانا بھی اپنی ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے، وہ فیصل آباد ڈویژن میں شامل تمام اضلاع اور تمام تحصیلوں میں باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کرتے ہیں ،اس عمل سے فیصل آباد شہر کے ساتھ ساتھ ڈویژن میں شامل اضلاع اورتحصیلوں کے لوگوں کی بھی مکمل داد رسی کی جاتی ہے،وہ مکمل توجہ سے لوگوں کے مسائل سنتے ہیں اور متعلقہ اداروں کے افسران کو ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے جاتے ہیں۔ ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کا یہ عمل نہایت خوش آئند ہے کہ وہ عوامی مسائل ومشکلات کے حل اور ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کرتے ہیں’ جس مسئلہ کے حل کیلئے ہدایات جاری کرے’ اس کے حل ہونے یا نہ ہونے پر نظر رکھی جاتی ہے۔ مسئلہ حل ہو جائے تو متعلقہ افسران کو ”شاباش” اور نہ حل ہونے کی صورت میں سخت بازپرس کی جاتی ہے، ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور معیار پر گہری نظر رکھنا بھی ان کی عادت ہے جس سے ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور شفافیت میں بڑی مدد مل رہی ہے، شہر میں چند روز قبل اہم سڑکوں کی روڈ مارکنگ’ زیبرا کراسنگ اور فٹ پاتھوں کے اردگرد مارکنگ کی گئی، جس میں ٹھیکیدار نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر معیاری رنگ وروغن استعمال کیا اور چند دنوں میں ہی سڑکوں سے روڈ مارکنگ اور زیبرا کراسنگ غائب ہو گئی اور جگہ جگہ بدنما دھبے بن جانے سے سڑکوں کی حالت پہلے سے بھی بری نظر آنے لگی، اس صورتحال کی ”ڈیلی بزنس رپورٹ” میں نشاندہی پر ڈویژنل کمشنر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری شروع کروا دی ہے، راجہ جہانگیر انور نے عوامی خدمت کو اپنا مشن بنا رکھا ہے جس کے نتیجہ میں کمشنر آفس شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک موثر فورم بن گیا اور شہریوں کا اس پر مکمل اعتماد بحال ہو چکا ہے، ڈویژنل کمشنر کی ہدایت پر شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز وشاداب رکھنے کیلئے متعلقہ اداروں کے افسران وملازمین متحرک نظر آتے ہیں، رہائشی آبادیوں اور شاہرات پر سٹریٹ لائٹس فعال ہونے سے شہر جگمگا اٹھا ہے، باوقار اور متحرک شخصیت راجہ جہانگیر انور ڈویژنل کمشنر کے عہدہ پر فائز ہو کر اپنی ذمہ داریاں نہایت احسن طریقہ سے سرانجام دے رہے ہیں، انشاء اﷲ وہ اپنے فرائض منصبی اسی طرح سرانجام دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق فیصل آباد کو مثالی ڈویژن بنا دینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں