9

باپ سراں دے تاج محمد…

بلاشبہ! والدین کا کوئی نعم البدل نہیں اور وہ اولاد کیلئے ایک مضبوط ستون ہیں، حدیث نبویۖ ہے ”ماں باپ اپنی اولاد کے حق میں جو دعا مانگتے ہیں، اﷲ تعالیٰ اسے ضرور قبول فرماتا ہے”۔ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے چیف آفیسر مرتضیٰ ملک سے میرا بھائیوں جیسا تعلق ہے، وہ اور ان کے بھائی خوش قسمت ہیں کہ انہیں اپنے والدین کی دعائیں ملیں اور وہ کامیابیوں وکامرانیوں کے زینے چڑھتے گئے، مرتضیٰ ملک کے والد محترم حاجی ملک غلام حسین اعوان فیصل آباد میں ان کے پاس مقیم تھے، اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ میرے دوست کو ان کی خدمت کا موقع ملا، انہوں نے اپنے والد محترم کا تندرستی کی حالت میں مکمل خیال رکھا اور وہ بیمار ہوئے تو ان کے علاج ومعالجہ میں کوئی کسر نہ چھوڑی اور باپ سے اپنی محبت کا حق ادا کر دیا، مرتضیٰ ملک کے والد محترم کی طبیعت ناسازگار ہوئی تو وہ انہیں 3 فروری کو FICمیں لائے جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا، بزرگوار حاجی غلام حسین اعوان FIC میں داخل ہوئے، 5 فروری کو انہیں ہارٹ اٹیک ہوا’ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹرز’ نرسز کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جاملے’ ان کے انتقال پر ملال پر میں اپنے قریبی دوست معروف کاروباری شخصیت بائو امجد سعید آف بابو پٹرولیم اینڈ مرحبا محل کے ہمراہ سیالکوٹ میں ان کے گائوں ہرپال گیا، جہاں پر مرتضیٰ ملک اور ان کے بڑے بھائی ملک محمد عمران اور دیگر فیملی ممبران کے ساتھ ان کے والد محترم کی وفات پر دعائے مغفرت اور اظہار تعزیت کیا، مرحوم ومغفور ایک سچے عاشق رسولۖ’ خوش اخلاق اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار شخصیت تھے، جنہوں نے اپنی اولاد کی بہترین کردار سازی کے ذریعے انہیں معاشرے کے مفید اور کارآمد رکن بنایا، اولاد اﷲ تعالیٰ کی نعمت اور والدین کے لیے مستقبل کا اثاثہ ہوتی ہے، وہ والدین قابل رشک ہیں جو انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرتے ہیں اور بچپن سے ہی ان کی صحیح نشوونما کا خیال رکھتے ہیں، والدین پر اولاد کے سلسلے میں حقوق ہیں ان میں سب سے اہم ان کی تعلیم وتربیت ہے، ماں باپ کے دل میں اپنی اولاد کیلئے بے حد رحمت وشفقت کا فطری جذبہ اور احساس پایا جاتا ہے، والدین کے یہی فطری جذبات واحساسات بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور یہ بچوں کی دیکھ بھال’ تربیت اور ان کی ضروریات کی کفالت پر انہیں ابھارتے ہیں’ ماں باپ کے دل میں یہ جذبات راسخ ہوں اور ساتھ ساتھ اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہو تو وہ اپنے فرائض احسن طریقے سے اخلاص کے ساتھ پوری کر سکتے ہیں، میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے چیف آفیسر مرتضیٰ ملک کے والد محترم حاجی ملک غلام حسین اعوان نے جس طرح اپنی اولاد کی تعلیم وتربیت اور کردار سازی کی وہ قابل تقلید ہے، کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں جو منصب’ دولت یا شہرت سے نہیں بلکہ کردار’ اخلاق اور خدمت سے پہچانی جاتی ہیں، حاجی ملک غلام حسین اعوان بھی انہی نادر انسانوں میں شامل تھے جنہوں نے خاموشی سے جینا سیکھا، وقار کے ساتھ نبھایا اور روشنی بکھیر کر رخصت ہو گئے، وہ ضلع سیالکوٹ کے گائوں ہرپال کے ایک سادہ اور عام خاندان میں پیدا ہوئے مگر اپنی محنت’ دیانت اور مستقل مزاجی سے علاقے میں ایک باوقار مقام حاصل کیا، ان کی زندگی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ انسان کا اصل سرمایہ اس کا اخلاق ہوتا ہے، اچھے اخلاق کی وجہ سے انسان اعلیٰ ہو جاتا ہے، قیمتی بن جاتا ہے اور ساری دنیا اس کو محبوب رکھتی ہے، خوش اخلاقی کامیابی کا ذریعہ ہے، ہر کامیاب بندے کی کامیابی کا سبب اس کی محنت اور اچھے اخلاق ہوتے ہیں، حاجی ملک غلام حسین اعوان (مرحوم ومغفور) کو اﷲ تعالیٰ نے خوش اخلاقی کی خوبی سے بھی نوازا تھا، وہ نیک دل’ نیک سیرت اور ملنسار طبیعت کے مالک تھے، ان کا ہنستا مسکراتا چہرہ ان کی باطنی خوبصورتی کی عکاسی کرتا تھا، جو ہر ملنے والے کے دل میں گھر کر جاتا، ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو یہ تھا کہ وہ ہر اچھے کام میں سبقت لے جانے والے تھے، مہمان نوازی ان کی فطرت کا حصہ تھی، مسجد کی خدمت ہو یا کسی غریب کی مدد، وہ ہمیشہ پیش پیش نظر آتے تھے’ ربیع الاوّل’ محرم الحرام اور دیگر مواقع پر ان کے ڈیرے پر ہونیوالی نورانی’ وجدانی محافل پاک میں لوگوں کی بڑی تعداد شرکت فرما کر فیوض وبرکات حاصل کرتی رہی’ ان کی زندگی کا ایک نہایت قابل فخر پہلو اپنی اولاد کی شاندار تربیت ہے، انہوں نے دینی ودنیاوی اعتبار سے اپنی اولاد کو ایسا سنوارا کہ آج ان کے بیٹے خود ان کا تعارف بن چکے ہیں، ان کے بڑے صاحبزاد ے ملک عمران چیئرمین یونین کونسل منتخب ہوئے، مگر اصل کامیابی یہ ہے کہ انہوں نے اپنے اس منصب کی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے سرانجام دیکر عوام کے دلوں میں جگہ بنائی، دوسرے صاحبزادے ملک مرتضیٰ اعوان میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے چیف آفیسر ہیں جن کی شخصیت میں اپنے والد کا حسن اخلاق اور شرافت نمایاں نظر آتی ہے، تیسرے صاحبزادے پیرافورس میں بطور افسر خدمات سرانجام دے رہے ہیں جو ان کے والد محترم کی جانب سے ان کی بہتر ین تعلیم وتربیت کا حاصل ہے۔ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے چیف آفیسر مرتضیٰ ملک کے والدین نے اپنے گھر کو اعلیٰ اقدار کا گہوارہ بنایا، میں اپنے دوست بائو امجد سعید کے ساتھ سوگواران سے اظہار تعزیت کیلئے ضلع سیالکوٹ کے گائوں ہرپال پہنچا تو وہاں ہر شخص ان کے اعلیٰ کردار کا معترف دکھائی دیا اور ہر زبان پر ان کی نیکی’ شرافت’ خدمت خلق اور حسن اخلاق کا تذکرہ تھا، دعا ہے کہ مولا کریم اپنے حبیب کریم حضرت محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل حاجی غلام حسین اعوان (مرحوم ومغفور) کی بے حساب مغفرت فرمائے’ ان کے درجات بلند کرے اور ان کی اولاد کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں