بجلی،گیس کے بھاری بل آنے پر ٹوبہ کے شہریوں میں تشویش

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں کو بجلی اور گیس کے بھاری بل موصول ہونے پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران گیس کے 10سے 15ہزار روپے تک جبکہ 200یونٹ بجلی کے 9 سے 12ہزار روپے تک کے بلز بھیجے گئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق ماضی میں عام صارف کو گیس کا بل ایک ہزار سے 3ہزار روپے تک موصول ہوتا تھا، تاہم اس ماہ یہ بڑھ کر 10سے 15ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح 200یونٹ بجلی کا بل پہلے 5سے 7ہزار روپے تک آتا تھا جو اب 9 سے 12 ہزار روپے تک موصول ہو رہا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کے موقع پر بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث وہ شدید مالی دبا کا شکار ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ وہ عید کی خوشیاں منائیں یا بھاری بل ادا کریں۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوں میں اضافے کا نوٹس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ رمضان اور عید کے موقع پر انہیں معاشی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں