اسلام آباد (بیوروچیف) کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مختلف کیٹیگریز میں 78پیسے سے لے کر 2روپے 25پیسے فی یونٹ تک کمی متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق مالی سال 2025-26 میں بجلی صارفین کو 140ارب سے 400ارب روپے تک کا ریلیف ملنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ سی پی پی اے (سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی) نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیپرا کو بنیادی ٹیرف میں کمی کی درخواست جمع کرا دی ہے۔نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) 15مئی کو اس درخواست پر سماعت کرے گا، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ آئندہ مالی سال کے لیے پاور پرچیز پرائس (PPP) کا تخمینہ 24.75 سے 26.22روپے فی یونٹ لگایا گیا ہے، رواں مالی سال میں یہ قیمت 27 روپے فی یونٹ ہے۔اگر نیپرا ٹیرف میں کمی کی منظوری دیتا ہے تو یہ فیصلہ ملک بھر کے صارفین کے لیے مہنگائی کے دور میں ایک بڑی سہولت ثابت ہو سکتا ہے۔



