22

بجلی وگیس کی قیمتوں میں اضافہ عام آدمی کی زندگی اجیرن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر میاں کاشف محمود،جنرل سیکرٹری چوہدری سہیل شوکت نے کہاہے کہ بجلی اورگیس کی قیمتیں میں اضافے سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ اسمبلیوں کے اندر بے رحم لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جو جانتے ہیں کہ عام آدمی فاقوں اور خود کشیو ں پر مجبور ہے مگر یہ لوگ غریب کے حق میں نہیں بولتے۔ بجلی کے موجودہ بلوں کے ساتھ انسانی زندگی کا برقرار رہنا پاکستان میں ناممکن ہو چکا ہے۔ بجلی کا بل دینے کے بعد کسی غریب اور مزدور کے پاس کھانے، پینے کے لئے کچھ نہیں بچتا۔ غریب آدمی کے لئے ہسپتالوں میںعلاج ہے نہ سکولوں میں تعلیم۔ پاکستان کی ایسی بری حالت پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی جو آج دیکھ رہے ہیں۔ آئی ایم ایف والے بجلی، گیس اور کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا حکم دیتے ہیں تو فوری مان لیا جاتا ہے مگر وہ اراکین اسمبلی اور بیوروکریٹس کی اثاثوں کی فہرست مانگیں اور انہیں مشتہر کرنے کی بات کریں تو یہ سارے ڈٹ جاتے ہیں۔ یہ لوگ عام آدمی کے مفاد کے لئے نہیں بولتے۔ انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ وہ مہنگی بجلی کے مسئلہ پر ایکشن لیں کروڑوں عوام اپنے بچوں کے دودھ اپنے بچوں کی فیسوں کے پیسے بجلی کے بلوں کی شکل میں ادا کر رہے ہیں۔بجلی کا بل ادا کرنے کے بعد غریب خاندانوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں بچتا۔خدارا اس ظلم کا نوٹس لیں قوم کو بتایا جائے کہ پاکستان کا غریب آدمی دنیا کی مہنگی ترین بجلی خریدنے پر مجبور کیوں ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کمپنیوں کے مالکان نے عوام کی ہڈیوں سے اب تک جو پیسہ نکال کر مال و دولت کے پہاڑ کھڑے کر لئے ہیں ان کے سامنے قارون کے خزانے اونٹ کے منہ میں زیرہ ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں