بحری شعبہ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اقدامات

اسلام آباد (بیوروچیف)وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے کنٹینر جہاز کی تعمیر کا آغاز قومی بحری شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔منگل کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے شپ یارڈ میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے لیے 1100 ٹی ای یو کنٹینر شپ کی سٹیل کٹنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت پی این ایس سی کے لیے ایک جدید کنٹینر جہاز تیار کیا جا رہا ہے جس کی تعمیر مکمل طور پر ملکی وسائل سے کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جہاز کی شمولیت سے قومی بحری بیڑے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور غیر ملکی شپنگ پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ کنٹینر شپ منصوبہ نہ صرف بحری شعبے بلکہ مجموعی قومی معیشت کے لیے بھی انتہائی اہم ہے کیونکہ اس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہو سکے گی اور پاکستان کی سپلائی چین مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی بحری بیڑے کی توسیع سے درآمدات و برآمدات کے عمل کو زیادہ موثر بنایا جا سکے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شپ بلڈنگ منصوبوں کے ذریعے ہنرمند افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ تیزی سے قومی بحری ترقی کا ایک اہم مرکز بن رہا ہے اور مستقبل میں یہاں مزید بڑے منصوبے متوقع ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شپ بلڈنگ اور شپ ریپئرنگ قومی بحری پالیسی کا کلیدی حصہ ہیں جن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ جنید انوار چوہدری کے مطابق پاکستان کی تقریباً 95 فیصد تجارت سمندری راستوں کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے مضبوط بحری شعبہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بحری شعبے کی ترقی، قومی بیڑے کی مضبوطی اور خود انحصاری کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی تاکہ پاکستان خطے میں ایک مضبوط بحری ملک کے طور پر ابھر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں