بدلہ لینے کی طاقت ہونے کے باوجود معاف کرنا افضل عمل ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ طلباء میں تعمیری سوچ کو پروان چڑھانے کے لئے سرگرمیوں پر مبنی تعلیمی نظام کو رواج دینا ہو گا تاکہ رٹے کے کلچر کو ختم کرتے ہوئے تنقیدی سوچ کے حامل قوم تیار کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی کے لیبارٹری ہائر سیکنڈری سکول (بوائز کیمپس) کے رزلٹ ڈے کے موقع پر طلباء اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء کے درمیان مضبوط رشتے کو استوار کر کے باہمی اعتماد اور سیکھنے کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے طلباء کو کہا کہ وہ زندگی میں ہمیشہ سچ کا دامن تھام کر رکھیں، مشکل ترین حالات میں بھی جھوٹ کا سہارا نہ لیں کیونکہ سچائی اور ایمانداری ایک مضبوط کردار کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے معافی کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بدلہ لینے کی طاقت ہونے کے باوجود بھی معاف کرنا افضل عمل ہے جس سے زندگیوں میں رحمتیں نازل ہوتی ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ طلباء کی مصروفیت اور تنقیدی سوچ کو بڑھانے کے لیے جدید تدریسی طریقے اختیار کریں۔ انہوں نے طلباء کی صحت کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس منصوبوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے سماجی ذمہ داری کے طور پر معیاری تعلیم فراہم کرنے کے عزم کو تقویت دیتے ہوئے شہر بھر میں مزید شاخیں قائم کرنیکی خواہش کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں