براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں20فیصد اضافہ

اسلام آباد (بیوروچیف) رواں مالی سال جولائی تا دسمبر براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 20فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے6ماہ (جولائی تا دسمبر) کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 20فیصد اضافے سے 1.329 ارب ڈالر رہی۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا دسمبر ایف ڈی آئی کی مد میں 1,883.3 ملین ڈالر موصول ہوئے جبکہ بیرون ملک 554.1ملین ڈالر کا اخراج ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کی اسی مدت (جولائی تا دسمبر) میں خالص ایف ڈی آئی 1,107.9 ملین ڈالر رہی تھی۔ایس بی پی کے مطابق صرف دسمبر میں خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 33 فیصد کمی سے 170 ملین ڈالر رہی، دسمبر 2023 میں خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 252 ملین ڈالر تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہانہ بنیادوں پر ایف ڈی آئی میں 23 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی جبکہ نومبر کے دوران ایف ڈی آئی 219 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں