برڈ ہیزرڈ سے جہازوں کی محفوظ اڑان یقینی بنانے کے اقدامات کا فیصلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ہوائی جہازوں کو پرندوں سے لاحق خطرات (برڈ ہیزرڈ) کے پیش نظر فیصل آباد میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایئرپورٹ کے اردگرد آٹھ کلومیٹر کے دائرہ میں پرندوں کے گھونسلے،کچڑے، صدقے کا گوشت اور کبوتر بازی کے خاتمے سے متعلق مشترکہ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ایئرپورٹ کے اطراف صدقہ کاگوشت کھلے عام پھینکنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ پرندوں کے گھونسلوں اور کبوتر بازی کے خلاف بھی موثر ایکشن لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ گوشت یا خوراک کھلی جگہوں پر پھینکنے سے گریز کریں تاکہ ہوائی پروازوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز سٹی و صدر کو آپریشن کی قیادت سونپی جبکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن، واسا، پولیس اور ضلع کونسل کی ٹیموں کو مشترکہ کارروائی میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ کے نزدیک کوڑا کرکٹ پھینکنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ تمام ادارے باہمی رابطے سے مربوط حکمت عملی اختیار کریں تاکہ برڈ ہیزرڈ سے ہوائی جہازوں کے محفوظ اڑان کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کا ساتھ دیں اور اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں