بریک فیل ہونے سے ڈالہ شہری کو کچلتے ہوئے موٹر سائیکل پر چڑھ دوڑا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سرگودھا روڈ پر بریک فیل ہونے سے تیز رفتار ڈالہ بے قابو ہو کر پیدل شخص کو کچلتے ہوئے موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا، سڑک عبور کرنیوالا شہری جاں بحق جبکہ موٹرسائیکل سوار بری طرح زخمی ہو گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 نے نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا۔ بتایا جاتا ہے کہ سرگودھا روڈ سے نشاط آباد پل کی طرف جاتے ہوئے ڈالہ کی بریک فیل ہو گئی تو ڈالہ بے قابو ہو کر پہلے سڑک عبور کرتے پیدل شخص 56سالہ مظفر حسین ولد عبدالرحیم سکنہ نصیرآباد گلی نمبر10 کو روند ڈالا اور سامنے آتے ہوئے موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا موٹرسائیکل سوار 70سالہ عبدالجبار ولد حسن علی اور 26سالہ رحمان علی ولد ذوالفقار علی سکنہ عثمان ٹائون بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ حادثہ کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں