فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اقبال سٹیڈیم کے باہر مفت آٹا پوائنٹ پر بزرگ شہری سے بدتمیزی اور ناروا سلوک کرنے پر فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے انسپکٹر ضامن اور ملازم عثمان منظور کو معطل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق اقبال سٹیڈیم کے باہر پارکنگ کمپنی کے ملازم کی بزرگ باریش شہری سے گالم گلوچ’ ہاتھا پائی کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پارکنگ کمپنی سے رپورٹ طلب کی تھی، جس پر فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے ایچ آر نے فوری طور پر مذکورہ ملازمین کو معطل کرتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ پارکنگ کمپنی کے انسپکٹر فیاض بخاری کے علاقہ میں کمپنی کے ملازم عثمان منظور نے بزرگ شہری سے ناروا سلوک کیا، انکوائری کے دوران دونوں ملازمین معطل رہینگے۔
34