1

بسنت کا آج آخری روز’ لاہور میںجشن کا سماں

لاہور (بیوروچیف) بسنت کے تہوار کا آج آخری روز ہے اور شہر بھر میں جشن کا سماں برقرار ہے بچے، بڑے، نوجوان اور بزرگ سبھی پیچ لڑانے اور پتنگیں کاٹنے میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں جبکہ لاہور کی سڑکوں، گلیوں اور چھتوں پر بسنت کے رنگ بکھرے ہوئے ہیں۔ بسنت کے تیسرے روز کا آغاز ہوتے ہی تیز ہوائوں کے ساتھ لاہوریوں کی بڑی تعداد اندرون لاہور پہنچ گئی۔ اندرون لاہور کی چھتوں پر پتنگوں کے پیچ لگے رہے، جہاں تاجر برادری کی جانب سے بسنت کا بھرپور اہتمام کیا گیا۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے جبکہ کھانوں اور مٹھائیوں کا بھی بھرپور دور رہا۔ تاجروں کے مطابق آج اندرون لاہور کی چھتوں نے ماضی کی یادیں تازہ کر دیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں شہری ایک دوسرے کی تواضع مزے دار کھانوں سے کر رہے ہیں جبکہ دیگر شہروں اور بیرونِ ملک سے آئے مہمان بھی گڈیاں اڑانے میں پیش پیش ہیں۔ لاہوریوں کے ساتھ ساتھ اوورسیز پاکستانی بھی بسنت منانے میں سرگرم نظر آئے۔ امریکا اور لندن سے بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانی لاہور پہنچے۔ اوورسیز پاکستانی بزنس مین خرم بٹ کا کہنا تھا کہ بسنت کا میلہ دو دہائیوں بعد سجا ہے، جس نے پرانی یادیں تازہ کر دیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مطابق بسنت کے باعث دوست احباب کے ساتھ محفلیں سجانے اور طویل عرصے بعد گڈیاں اڑانے کا موقع ملا۔دوسری جانب بسنت فیسٹیول کے موقع پر شہر بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایس پی ڈولفن اختر نواز نے والڈ سٹی لاہور کا دورہ کیا اور بسنت کے دوران ڈیوٹی پر مامور ڈولفن ٹیموں کی چیکنگ کی۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق شہریوں اور نوجوانوں سے ملاقات کے دوران بسنت کے ضابطہ اخلاق سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ایس پی ڈولفن اختر نواز نے ہدایت کی کہ ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ والڈ سٹی میں تعینات سیکیورٹی ٹیمیں ہمہ وقت کنٹرول روم سے منسلک رہیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔دریں اثنائ۔لاہور (بیوروچیف) شہر میں ڈور پھرنے سے زخمی ہونے کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے ‘ جہاں پولیس کے مطابق ڈیفنس سی کے علاقے میں زین نامی بچہ گلے پر ڈور پھرنے کے باعث شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بچے کے گلے پر 15ٹانکے لگائے گئے ہیں، جبکہ بچے کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ پتنگ بازی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ قیمتی جانوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں